انتخاب یا انقلاب 17 مارچ کو اعلان کرونگا طاہر القادری

عوام کرپشن کیخلاف بغاوت کی تیاری کریں، سربراہ تحریک منہاج القرآن کا ملتان میں خطاب.


Numainda Express February 23, 2013
ملتان: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری جلسے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

لاہور: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو غیر آئینی مانتے تھے' مانتے ہیں اور مانتے رہیں گے کیونکہ یہ مک مکا کے نتیجے میں بننے والا الیکشن کمیشن ہے۔

عوام کو کرپشن اور لٹیروں کے خلاف بغاوت کے لئے تیاری کرنا ہوگی، اگر الیکشن سے غریب عوام کو حق ملے تو ہم انتخاب کی طرف جائیں گے اور اگر غریب عوام کو حق نہ ملے تو ہم انقلاب کی طرف جائیں گے۔ 17 مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں اعلان کرونگا کہ ہم انتخاب کے لیے جائیں گے یا انقلاب کے لیے۔ انھوں نے اسپورٹس گرائونڈ ملتان میں ''آدم خور نظام کے خلاف'' عنوان سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 65 سال سے جاری فرسودہ نظام کو للکارا ہے اور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اب دنیا کی کوئی طاقت انھیں نہیں روک سکتی۔

4

انھوں نے کہا کہ میرا خواب بھی قائداعظمؒ اور علامہ محمد اقبال ؒ کے خوابوں سے مختلف نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو باتیں اب الیکشن کمیشن کررہا ہے، یہی مطالبات میرے تھے لیکن کہا گیا کہ میں الیکشن ملتوی کرانا چاہتا ہوں تو وہ لوگ اب یہ بتائیں کہ کیا الیکشن کمیشن بھی الیکشن ملتوی کرانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظمؒ کے اصولوں پر دوبارہ متعین کرنے کی ضرورت ہے۔ قومیت کا تصور دوبارہ اجاگر کیا جائے نفرتوں اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رفیق احمد عباسی نے بھی خطاب کیا۔