فائر بریگیڈ جیسے ادارے فعال بنائے جائیں

شہری انتظامیہ کے پاس فائربریگیڈ گاڑیاں اور سازوسامان مطلوبہ تعداد میں سرے سے دستیاب نہیں


Editorial September 27, 2017
شہری انتظامیہ کے پاس فائربریگیڈ گاڑیاں اور سازوسامان مطلوبہ تعداد میں سرے سے دستیاب نہیں. فوٹو: فائل

میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ محکمہ فائربریگیڈ گاڑیوں سے محروم ہے اور اسے وسائل کی کمی کا سامنا ہے، ان کا یہ کہنا نہ صرف چشم کشا ہے بلکہ صورتحال کی ملک گیر سنگینی کو بھی ظاہرکرتا ہے کہ کراچی جیسے میگا سٹی میںگزشتہ دور میں بلند وبالا عمارتوں میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے ایک اسنارکل لی گئی تھی، اب اس کا بھی کچھ اتا پتا نہیں۔ جو گاڑیاں اور آگ بجھانے کے آلات ہیں وہ سب ناکارہ ہوچکے ہیں۔

وسائل کا درست استعمال نہ ہونے کے سبب مسائل کا انبار لگا ہوا ہے، کراچی ، لاہور ، پشاور، کوئٹہ ، اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں آتشزدگی کے واقعات تسلسل سے رونما ہوتے رہتے ہیں۔ پاکستان کے کسی بھی شہری انتظامیہ کے پاس فائربریگیڈ گاڑیاں اور دیگر سازوسامان مطلوبہ تعداد میں سرے سے دستیاب نہیں ۔ چھوٹے شہروں اور قصبوں کا حال مزید برتر ہے ، جس کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات میں بھاری جانی ومالی نقصان ہوتا ہے، فیکٹریوں ، چھوٹے کارخانوں ، گھروں اور بلند منزلہ عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں فائربریگیڈ کے محکمے کے پاس جدید ترین گاڑیاں ، حتی کہ ہیلی کاپٹر تک موجود ہوتے ہیں اور آگ بجھانے کے آلات بھی۔ کراچی میں چند برس بیشتر ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین سو کے لگ بھگ مزدور جاں بحق ہوگئے تھے، دیگر عوامل کے علاوہ فیکٹری کے اخراجی راستے نہ ہونے کے سبب زندہ انسان راکھ کا ڈھیر بن گئے تھے۔

اس ضمن میں فیکٹری مالکان کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمے داری کو محسوس کرتے ہوئے شارٹ سرکٹ کے امکان کو ذہن میں رکھیں اور آگ بجھانے کے ضروری آلات درست حالت میں فیکٹری میں موجود ہونے چاہییں ، کسی بھی عمارت تعمیر میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ حادثات کی صورت میں باسانی فائربریگیڈ کی گاڑیاں متاثرہ جگہ میں داخل ہوسکیں اور امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو، حفاظتی اقدامات پہلے سے مکمل کرلیے جائیں تو ایسے حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

بلاشبہ ہمیں ملک گیر سطح پر فائربریگیڈ کی کارکردگی کو بہتربنانے کے لیے مزید آلات ، گاڑیوں اور فائر ٹینڈرز کی ضرورت ہے ، جس کو پورا کرنا حکومت وقت کی اولین ذمے داری ہونی چاہیے ۔ اس ضمن میں عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔