الیکشن کمیشن ڈگریوں کی تصدیق کی ڈیڈ لائن 4 مارچ کوختم ہوگی

مہلت کاآغازارکان کوخط ملنے کی تاریخ سے ہوگا،میڈیا رپورٹس درست نہیں،ترجمان


News Agencies/Numainda Express February 24, 2013
مہلت کاآغازارکان کوخط ملنے کی تاریخ سے ہوگا،میڈیا رپورٹس درست نہیں،ترجمان. فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ارکان پارلیمان کی ڈگریوں کی تصدیق کے لیے دی گئی ڈیڈلائن آئندہ پیر 4 مارچ کو ختم ہوگی۔

2 ہفتے کی مدت ارکان کو کمیشن کے خط کی وصولی کی تاریخ سے شروع ہوگی، پیرکو ڈیڈلائن ختم ہونے کے بارے میڈیارپورٹس درست نہیں۔ ہفتے کو آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے کمیشن کے ایک ترجمان نے کہا کہ ارکان پارلیمان کو ڈگریوں کی تصدیق کے لیے لکھے گئے خط کی ڈیڈلائن اس روز سے شروع ہوگی جس روز انھیں یہ خط موصول ہوگا۔ بلوچستان، کے پی کے، فاٹا، اندرون سندھ اور بعض دیگر دوردراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان کو ممکن ہے خطوط تاخیر سے موصول ہوں اس لیے کمیشن رواں ہفتے بھی ارکان کی ڈگریوں کی تصدیق کا انتظار کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق 2 ہفتے کی مہلت کی مدت کا آغاز عملاً اسی روز سے ہوگا جس روز ارکان کو خط موصول ہو۔ اس لیے معاملے کا جائزہ آئندہ پیر سے شروع ہونے والے ہفتے سے ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ ڈیڈلائن ختم ہونے کے بارے میں میڈیا نے کمیشن کے متعلقہ شعبے سے رائے نہیں لی ورنہ متعلقہ رپورٹرز کو اصل صورتحال سے آگاہ کردیاجاتا۔

10

دریںاثنا ہمارے نمائندے واجدحمید کے مطابق الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ 249 ممبران میں سے جنھوں نے اپنی تعلیمی اسناد ہایئرایجوکیشن کمیشن کے پاس جمع نہیں کرائی تھیں ان سے متعلق یہ نہیں کہا گیا ہے کہ ان کی اسناد جعلی ہیں۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق ان ممبران کی بی اے کی ڈگری تو جمع تھی لیکن میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے پاس نہیںتھیں۔ ان میں سے جمعے کی شام تک مزید 40 سے 45 ممبران نے اپنی اسناد الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دی ہیں۔

ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن اور جعلی اسناد کے حامل ممبران کے خلاف کارروائی کے لیے قائم کمیٹی کے سربراہ افضل خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ خط میں لکھا گیا تھا کہ خط صرف قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ممبران کو ہی نہیں لکھا گیاتھا بلکہ ان میں چاروںصوبائی اسمبلیوں کے ممبران بھی شامل ہیں۔انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اسناد کی تصدیق پہلے کی طرح ایچ ای سی کرکے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو دیگاجس کی روشنی میں الیکشن کمیشن اپنا جواب سپریم کورٹ کے پاس جمع کرائے گا۔ انھوں نے کہا کہ جن ارکان نے اسناد جمع نہیںکرائی ہیں ان سے ایک مرتبہ پھر کہا جارہا ہے کہ وہ آئندہ پیر سے شروع ہونے والے ہفتے میں اپنی اسناد ایچ ای سی کے پاس جمع کرادیں۔