ڈرامہ آنگن ٹیڑھا ادبی شخصیات کی توجہ کا مرکز بن گیا

بشریٰ انصاری، بہروز سبزواری اور دیگر نے فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا.


Showbiz Reporter February 25, 2013
مدت بعد کراچی میں معیاری تھیٹر دیکھنے کا موقع ملا ہے، مشتاق یوسفی. فوٹو: سمرا عامر

آرٹس کونسل کراچی میں جاری انور مقصود کا تھیٹر ڈرامہ اب عوام اور فنکاروں کے بعد ادبی شخصیات کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

تھیٹر ڈرامہ آنگن ٹیڑھا چند روز قبل اداکارہ بشریٰ انصاری، بہروز سبزواری، بلال مقصود، فیصل کپاڈیہ، معروف ڈرامہ نگار حسینہ معین اور نورالہدیٰ شاہ نے بھی دیکھا اور فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا، گذشتہ روز ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی نے تھیٹرڈرامہ آنگن ٹیڑھا میں شرکت کی اور ڈرامے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت مدت بعد کراچی میں معیاری تھیٹردیکھنے کا موقع ملا ہے۔



انور مقصود نے 30 سال قبل اس ڈرامے کو اتنی ہی خوبصورتی سے پیش کیا تھا جتنی خوبصورتی سے آج فنکار پیش کررہے ہیں مگر فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے لوگ اسے دور سے صرف ٹی وی کی اسکرین پر دیکھ سکتے تھے آج تھیٹر کی شکل میں عوام ان فنکاروں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں، پاکستان میں تھیٹر کا ہونا خوش آئندبات ہے اس سلسلے کو جاری رہنا چاہیے، ماضی میں تھیٹر کی روایت نے فنکاروں کی تربیت میں اہم کرداراداکیا ہے، مشتاق احمد یوسفی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے موجودہ حالات کے باوجود ثقافتی سر گرمیوں کا ہونا بڑی بات ہے، انور مقصود اورانکی ٹیم اس ڈرامے کی کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مقبول خبریں