توانائی بحران6ماہ ادھارپرفرنس آئل خریدنے کی سفارش

پی ایس اوکو 6 ماہ کے کریڈٹ پرطویل المدت کیلیے ٹرم کنٹریکٹ کی بنیاد پرفرنس آئل خریدنے کی اجازت دی جائے


Irshad Ansari August 05, 2012
پی ایس اوکوٹرم کنٹریکٹ کی بنیادپرخریداری کی اجازت کیلیے سمری ارسال. فوٹو فائل

KARACHI: وفاقی حکومت نے بجلی کی پیداواربڑھانے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلیے پاکستان اسٹیٹ آئل کو6 ماہ کے کریڈٹ پر ٹرم کنٹریکٹ کی بنیاد پر فرنس آئل خریدنے کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کیاہے جس کی حتمی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) دے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کی طرف سے ای سی سی کو بھجوائی گئی سمری میںسفارش کی گئی ہے کہ پی ایس اوکو 6 ماہ کے کریڈٹ پرطویل المدت کیلیے ٹرم کنٹریکٹ کی بنیاد پرفرنس آئل خریدنے کی اجازت دی جائے تاکہ بجلی کی پیداوار میںکمی کامسئلہ حل ہوسکے اورفرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس کوتسلسل کے ساتھ فراہمی کی جاسکے۔ ذرائع نے بتایاکہ پی ایس اوٹرم کنٹریکٹ کی بنیاد پر یہ فرنس آئل خریدے گا

جس سے یہ بھی فائد ہوگا کہ اگر مارکیٹ میں فرنس آئل کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں توبھی پی ایس اوکوکنٹریکٹ کے وقت مقررہ قیمت پر فرنس آئل ملے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)منگل کو مختلف سمریوں کا جائزہ لے گی۔ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں 8نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائیگا۔