الحمراء کے ہالز نئے گلوکاروں کی بہترین تربیت گاہ بن گئے

آرٹ گیلری میں پاکستان کے معروف مصوروں، فوٹو گرافروں کے فن پارے اور تصاویر کی نمائش کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔


Qaiser Iftikhar February 26, 2013
الحمراء ہالز کا بیرونی منظر۔ فوٹو : ظہورالحق

فن وثقافت کے فروغ کے لیے بنائے گئے اداروں میں ایک نام الحمراء آرٹ کونسل کا بھی ہے۔

زندہ دل لوگوں کے شہرلاہورمیں قائم اس ادارے کے پلیٹ فارم سے جہاں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کے معروف فنکاروں کے فن سے محظوظ ہونے کا موقع ملتا ہے ، وہیں بہت سے نوجوان فنکاروں کو اپنے فن کے اظہارکے لیے بھی اس پلیٹ فارم سے اچھا کوئی دوسرا مقام نہیں مل پاتا۔ الحمراء آرٹس کونسل کے تین ہال، آرٹ گیلری اورمیوزک روم اپنی مثال آپ ہیں۔

تینوں ہالوں میں میوزک پروگرام ، سیمینار، مشاعرے اوردیگرسرکاری اورنجی تقریبات کا انعقاد سال بھرجاری رہتا ہے جب کہ آرٹ گیلری میں پاکستان کے معروف مصوروں، فوٹوگرافروں کے فن پارے اور تصاویرکی نمائش کا سلسلہ جاری رہتا ہے اس کے علاوہ بہت سے غیرملکی آرٹسٹوں اورفوٹو گرافروں کی پینٹنگز اورتصاویر کی نمائش یہاں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کوگائیکی اور مختلف ساز سکھانے کے لیے قائم میوزک روم فنکاروں کوبین الاقوامی سطح پرمتعارف کروانے کے لیے اہم کردارادا کررہا ہے۔

یہاں سے تربیت حاصل کرنیوالے بچے ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے مختلف پروگراموں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد آج پاکستان کے معروف فنکاربن چکے ہیں۔ ایک طرف تو الحمراء آرٹ کونسل کی جانب سے طویل فنی خدمات پرعظیم فنکاروں کوخراج تحسین پیش کرتا ہے تودوسری جانب یہاں پیش کیے جانے والے اسٹیج ڈرامے بھی شائقین کی توجہ کا مرکزرہتے ہیں۔ الحمراء میں قائم ادبی بیٹھک بھی کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے۔ ہمارے ملک کے تمام محترم ادبی شخصیات اس بیٹھک میں تشریف لاچکی ہیں اوریہاں منعقدہ مشاعروں اوردیگرادبی محافل میں اپنی اپنی رائے کا اظہار بھی کرتی رہتی ہیں۔



اس اعتبار سے دیکھا جائے توجہاں الحمراء کی خوبصورت عمارت کا شمارملک کی بہترین عمارتوں میں کیا جاتا ہے، وہیں اس کے ذریعے فن وثقافت کے فروغ میں بھی اہم مدد مل رہی ہے۔ الحمراء کے تینوں ہال میں جہاں مقامی فنکاروںکی بڑی تعداد پرفارم کرتی ہے وہیں غیرملکی فنکاروںکی بڑی تعداد میں اپنے ثقافتی پروگرام پیش کرتے رہتے ہیں۔ فنی تقریبات کے ساتھ ساتھ الحمراء میں سیاسی، ادبی سیمینارزبھی جاری رہتے ہیں۔ اس حوالے سے فن و ثقافت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ الحمراء کی عمارت پاکستان میں فن وثقافت کی بہترین عکاس ہے۔

اس کا بہترین ڈیزائن اوریہاں منعقد ہونے والی فنی سرگرمیاں ہرلحاظ سے لوگوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بنتی ہیں۔ یہاںپرپیش کیے جانے والے تفریحی پروگرام اوراسٹیج ڈرامے اپنی مثال آپ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوںکی بڑی تعداد اپنی فیملیز کے ہمراہ یہاں آتی ہے اور خوب انٹرٹین ہوتی ہے۔ یہاں پرایک طرف توپارکنگ کا مناسب انتظام ہے تودوسری جانب سیکیورٹی کے اعتبار سے بھی یہ مقام خاصا محفوظ ہے۔ الحمراء میں جہاں لوگوں کو فوک، غزل، کلاسیکی اورپاپ موسیقی سننے کا موقع ملتاہے وہیں اپنے پسندیدہ فلم اورٹی وی کے ستاروں سے ملاقات بھی ہوجاتی ہے۔ ویسے بھی لاہورکو فن وثقافت کاگہوارا کہا جاتاہے اوراس بات کوثابت کرنے میںالحمراء آرٹس کونسل کا کام بڑانمایاں ہے۔