نوابشاہ میں ڈکیتیاں لاکھوں کی نقدی و طلائی زیورات لوٹ لیے گئے

موہنی بازار میں 5 مسلح افراد نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ہندو تاجر کا گھر لوٹ لیا.


Nama Nigar February 27, 2013
اے سیکشن پولیس نے دونوںوارداتوں کی رپورٹیں درج کر لی ہیں، لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ فوٹو :فائل

نوابشاہ کے موہنی بازار میں ہندو تاجر کے گھر میں ڈکیتی، ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو علی الصبح 5 نامعلوم مسلح افراد شہر کے پوش علاقے موہنی بازار میں ہندو تاجر مکیش کمار کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کر دیا، ملزمان تقریباً ایک گھنٹے تک گھر کے تمام کمروں میں لوٹ مار کرتے رہے۔ ڈاکو تقریباً 20 تولے کے طلائی زیورات، 5 لاکھ روپے نقد،5 موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء لے اڑے۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی سٹی عبدالقادر سموں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے اور جائے واردات کا معائنہ کیا ، انہوں نے شہر کی ناکا بندی کرا دی۔

7

ڈی ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کی توجہ گزشتہ شب مقابلے میں فرار ہونے والے خطرناک ڈاکوؤں پر تھی اور نفری وہاں طلب کی گئی تھی جس وجہ سے یہ واردات ہوگئی مگر جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ایک اور واردات کیمپ نمبر 2 کے علاقے میں بھی ہوئی جہاں5 نامعلوم ملزمان عبدالستار نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور 50 ہزار لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اے سیکشن پولیس نے دونوںوارداتوں کی رپورٹیں درج کر لی ہیں، لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

مقبول خبریں