یورپی یونین نے پاکستان سے مچھلی کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی

2 پاکستانی کمپنیوں کو یورپی ممالک کیلیے مچھلی برآمد کرنے کی اجازت، 12 مار چ سے ایکسپورٹ بحال ہوگی۔


Business Reporter February 28, 2013
سی فوڈ پر پابندی2007 میں لگائی گئی تھی۔ فوٹو : فائل

یورپی یونین نے پاکستان پر6 سال سے مچھلی کی درآمد پر عائد پاپندی ختم کرتے ہوئے 2 پاکستانی کمپنیوں کو یورپی ممالک کیلیے مچھلی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

یورپی یونین نے سال2007 سے پاکستانی سمندری مصنوعات کی یورپ کو برآمد پر پابندی عائد کردی تھی اور پاکستانی برآمد کنندگان انتہائی کوششوں کے باوجود اس پابندی کو ختم کرانے میں ناکام ہوگئے تھے تاہم یورپی یونین نے بدھ کو 2 پاکستانی کمپنیوں اے جی فشری اور اخلاص انٹرپرائزز کو یورپی یونین کیلیے مچھلی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے اور دونوں کمپنیاں 12 مار چ سے یورپ کو پاکستانی مچھلی کی برآمد کا آغاز کردیں گے۔



فشری ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او فیصل افتخار نے بتایا کہ یورپی یونین نے 2007 میں مچھلی کی برآمد پر پابندی لگادی تھی اور برآمدات کیلیے سخت شرائط عائد کردی تھیں جس کے بعد حکومت اور فشری ڈیولپمنٹ بورڈ نے تمام شرائط مکمل کرنے کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی اور شرائط کو دستاویزی شکل میں تیار کرکے یورپی یونین کو بھیجا تھا، اس طرح 6 سال بعد یورپی یونین سے بدھ کو 2 پاکستانی کمپنیوں کو مچھلی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی ہے جو12 مارچ سے یورپی یونین کیلیے ایک بار پھر پاکستانی سمندری خوراک برآمد کرنے کا آغاز کریں گے۔

دریں اثناء کراچی فش ہاربراتھارٹی کے ڈائریکڑ عبدالغنی جوکھیو نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اتھارٹی سندھ حکومت کے تعاون سے جلد ہی باقی ماندہ سی فوڈ ایکسپورٹرکمپنیوں کو بھی دوبارہ سے لسٹ کرانے میں کامیاب ہوجائے گی۔