بورڈ کیخلاف بیان مسلح افراد کی سرفراز نواز کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

نجم سیٹھی مجھے سچ بولنے سے نہیں روک سکتے،سرفراز نواز


Sports Reporter October 17, 2017
مجھے تحفظ فراہم کیا جائے اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار نجم سیٹھی اینڈ کمپنی ہوں گے، سرفراز نواز ، فوٹو: فائل

سابق ٹسٹ کرکٹرسرفراز نواز کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے بورڈ کے خلاف بیانات دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں اور اگر مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار نجم سیٹھی اینڈ کمپنی ہوں گے۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ گزشتہ روزمیں اپنے وکیل عارف خان کے ہمراہ اسلام آباد کچہری سے اپنے گھر آئی ایٹ جا رہا تھا کہ فیڈرل ایجوکیشن بورڈ کے قریب چند مسلح افراد نے میری گاڑی کے آگے گاڑی کھڑی کرکے میرا راستہ روکا اور پستول میری کنپٹی پر رکھ کرکہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بارے میں بیانات دینا بند کر دو اورکیس واپس لے لو، ورنہ تمہیں اور تمہارے بچوں کو جان سے مار دیں گے۔

سرفراز نواز نے کہا کہ نے نجم سیٹھی اورشکیل شیخ کےخلاف مقامی عدالتوں میں کیس کیے ہوئے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ پاکستان کی عدالتیں مجھے انصاف دیں گی، نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ سے اور شکیل شیخ سی ڈی اے کے بنائے ہوئے کرکٹ گراﺅنڈز سے پیسہ بنا رہے ہیں، پی سی بی میں موجود کرپٹ مافیا کےخلاف نیب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شفاف تحقیقات کرنی چاہئیں، تحقیقات سے حقیقت سب کے سامنے آ جائے گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹرکا کہنا تھا کہ میری ملک و قوم کےلئے خدمات کی پوری دنیا گواہ ہے، ہمیشہ کرکٹ بورڈ میں کرپٹ مافیا، جواریوں اور ملک دشمن افراد کےخلاف آواز بلند کی ہے، میں نے اپنی زندگی پاکستان کے لئے وقف کی ہے، میرا جینا مرنا پاکستان کےلئے ہے، پاکستان کی جیت میں اپنا کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے، وزیراعظم، وزیرداخلہ اورقانون نافذ کرنےوالے اداروں سے اپیل کی ہے کہ مجھے اور میرے اہلخانہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے قبضہ مافیا سے تحفظ فراہم کیا جائے، سچ بولنے سے نہیں روکا جا سکتا، اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار نجم سیٹھی اینڈ کمپنی ہوں گے۔