کراچی میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد کیلیے سیٹھی آج وزیر اعلیٰ سندھ سے ملیں گے

چیئرمین پی سی بی اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات آج صبح 11 بجے شیڈول ہے۔


Sports Reporter October 18, 2017
ملاقات میں پی ایس ایل تھری کے کچھ میچ کراچی میں کرانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کراچی میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کیلیے بدھ کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کرانے کیلیے پی سی بی کو سیکیورٹی سمیت ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ الیون کی آمد کے موقع پر ایک میچ کراچی میں کرانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جلد انٹرنیشنل کرکٹرز ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات آج صبح 11 بجے شیڈول ہے جس میں پی ایس ایل تھری کے کچھ میچ کراچی میں کرانے کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

یاد رہے کہ شہر قائد کے نیشنل اسٹیڈیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے قابل بنانے کیلیے پی سی بی نے ڈیڑھ ارب کی لاگت کا منصوبہ شروع کیا تھا۔