یاماہا جاپان کے وفد کاموٹر سائیکل پلانٹ سائٹ کا دورہ

پلانٹ پر 15 کروڑ ڈالر انویسٹمنٹ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، سالانہ 45 ہزارموٹر سائیکلیں تیار ہونگی۔


Business Reporter March 01, 2013
پلانٹ پر 15 کروڑ ڈالر انویسٹمنٹ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، سالانہ 45 ہزارموٹر سائیکلیں تیار ہونگی۔ فوٹو : فائل

پاکستان میں 15کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے موٹر سائیکل سازی کا پلانٹ لگانے والی یاماہا جاپان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بن قاسم کے انڈسٹریل پارک میں یاماہا کے پلانٹ کیلیے مختص کردہ اراضی کا دورہ کیا۔

بن قاسم میں 930 ایکڑ رقبے پر اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل پارک پاکستان انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذیلی ادارے نیشنل انڈسٹریل پارکس مینجمنٹ کمپنی کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 50 ایکڑ اراضی یاماہا کے پلانٹ کیلیے مختص کی گئی ہے۔

جاپانی وفد نے پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو میجر جنرل محمد جاوید اور نیشنل انڈسٹریل پارکس کے سی ای او محسن سید کے ہمراہ سائٹ کا دورہ کیا۔ جاپانی سرمایہ کاروں کے مطابق کراچی میں موٹرسائیکل سازی کے پلانٹ میں سرمایہ کاری سے روزگار کے 45 ہزار نئے مواقع مہیا ہوں گے، ساتھ ہی متعلقہ صنعتوں کیلیے بھی یہ سرمایہ کاری سود مند ثابت ہوگی۔



منصوبے کے تحت جاپان پاکستان میں موٹر سائیکل سازی کیلیے ٹیکنالوجی ٹرانسفر کریگا، افرادی قوت کو بہتر بنانے کیلیے خصوصی تربیتی مرکز قائم کیا جائیگا، جاپانی کمپنی پاکستان میں وینڈر انڈسٹری سے بھی تعلقات استوار کرتے ہوئے موٹرسائیکلوں کی لوکلائزیشن کو ممکن بنائے گی، پلانٹ پر 100 سی سی اور اس سے زائد طاقت کی سالانہ 45 ہزار موٹر سائیکلیں تیار کی جائیں گی، جاپانی کمپنی پاکستان میں موٹر سائیکل سازی میں جدید رجحانات ای ایف آئی اور آٹو میٹک ٹرانسمیشن، ایگزاسٹ کے یورپی معیارات متعارف کرائیگی، جاپانی موٹرسائیکلیں برآمدبھی کی جائیں گی۔