لاہور میں ہونیوالا میچ پاکستان میں ماضی کی تلخ یادیں مٹانے کیلیے کوشاں

پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کیخلاف سیریز سے بھی زیادہ سخت سیکیورٹی کا پلان تیارہوگیا


Sports Reporter October 25, 2017
 ہوٹل،قذافی اسٹیڈیم اور روٹس کا دورہ کرایا جائے گا،ڈریس ریہرسل دکھانے کے ساتھ متعلقہ حکام بریفنگ بھی دینگے۔ فوٹو : فائل

سری لنکا کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستان ماضی کی تلخ یادیں مٹانے کیلیے کوشاں ہوگا۔

لاہور میں میچ کے موقع پر پاکستان اور سری لنکا دونوں کو ماضی کی تلخ یادیں بھی ستائیں گی۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک بورڈ عہدیدار نے کہاکہ آئی لینڈرز اگرچہ ایک میچ کیلیے آرہے ہیں لیکن یہ بڑی اہمیت کا حامل ہوگا، سری لنکن ٹیم پر ہی2009میں دہشت گردوں کا حملہ ہوا لیکن ان کی حکومت اور بورڈ نے اعتماد کیا، لہذا اب دوبارہ پلیئرز کو لاہور بھیج رہے ہیں،اس میچ سے دیگر کرکٹ بورڈز کو بھی مثبت پیغام جائیگا، واحد مقابلے کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم کے طور پر لیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ایک تاریخی لمحہ آنے والا ہے، ورلڈ کپ مقابلوں سمیت کئی یادگار لمحات کے گواہ قذافی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر کرکٹ کا میلہ سجے گا،پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کیخلاف سیریز سے بھی زیادہ سخت سیکیورٹی انتظامات کا پلان بنایا گیا ہے۔

دریں اثناء مہمان کرکٹرز کیلیے انتظامات کا جائزہ لینے سیکیورٹی وفد بدھ کو لاہور آئے گا،آفیشلز کو ٹیم کے قیام کیلیے مختص ہوٹل،قذافی اسٹیڈیم اور آمدورفت کیلیے روٹس کا دورہ کرایا جائیگا، انتظامات کے حوالے سے ڈریس ریہرسل دکھائی جائیگی، سیکیورٹی پر مامور اداروں کے حکام بریفنگ بھی دینگے۔ ذرائع کے مطابق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے کر سری لنکن وفد اپنی رپورٹ حکومت اور کرکٹ بورڈ کو بھجوائے گا جس کے بعد ٹیم کو دبئی سے لاہور روانہ ہونے کیلیے کلیئرنس دیدی جائے گی۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم میں کئی پچز ورلڈ الیون سے آزادی کپ سیریز کے وقت ہی تیار تھیں،اب ان میں سے ایک انتخاب کاکرلیا گیا ہے، آئی لینڈرز کیلیے پریکٹس کا کوئی شیڈول نہیں رکھا گیا، مہمان کرکٹرز میچ کے روز ہی علی الصبح لاہور پہنچنے کے بعد شام کو میدان کا رخ کرینگے، خوبصورت پیٹرن بناتے ہوئے گھاس کی کٹائی مکمل کرلی گئی، سرسبز میدان دونوں ٹیموں کا استقبال کرنے کیلیے مکمل تیار ہے، اوس کے پیش نظر میچ کا وقت بھی تبدیل کر کے 7 کے بجائے6بجے کردیا گیا ہے۔

اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز دھو دیے گئے، ٹوٹ پھوٹ کی شکار نشستوں کی تبدیلی اور مرمت کا کام گزشتہ روز بھی جاری رہا، میچ کے روز تک روزانہ گرد مٹی جھاڑی جائیگی، ڈریسنگ روم کی صفائی کے ساتھ اسٹیڈیم کو نکھارا جا رہا ہے،میچ کے روز وینیو کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں اور روٹ پر لائٹنگ پولز نصب کر دیے گئے، ڈی سی لاہور نے کنال روڈ کا دورہ کرتے ہوئے میچ کی تیاریوں اور روشنی کیلیے انتظامات کا جائزہ لیا۔

پی سی بی کا موقف ہے کہ گزشتہ ماہ ورلڈالیون سے سیریز کی وجہ سے زیادہ کام کی ضرورت نہیں ،جہاں کوئی کمی رہ گئی اس کو بروقت مکمل کر لیا جائے گا جس کیلیے جمعرات کی ڈیڈ لائن رکھی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آئی لینڈرز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 29اکتوبر کوہوگا۔