پی ایس ایل تھری میں عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کریں گے

شاہد آفریدی کی قیادت میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور ان کی رہنمائی میں ہی ٹیم کو لے کر چلوں گا،عماد وسیم


Sports Reporter November 07, 2017
شاہد آفریدی کی قیادت میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور ان کی رہنمائی میں ہی ٹیم کو لے کر چلوں گا،عماد وسیم ۔ فوٹو : ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلیے قومی آل راؤنڈر عماد وسیم کو کراچی کنگز کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی پشاور زلمی سے کراچی کنگز منتقلی کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ وہ تیسرے ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کی کمان سنبھالیں گے لیکن سابق کپتان کی جانب سے کپتانی سے انکار کے بعد آل راؤنڈر عماد وسیم کو کراچی کنگز کی قیادت سونپی گئی ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ بطور عام کھلاڑی کھیلیں گے، عماد وسیم جارحانہ کپتان ہیں اور مجھے ایسے کپتان پسند ہیں اور انہیں بھرپور سپورٹ کروں گا۔ دوسری جانب عماد وسیم نے کہا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کی قیادت میں ہی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور ان کی رہنمائی میں ہی ٹیم کو لے کر چلوں گا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے اولین ایڈیشن میں شعیب ملک کراچی کنگزکے کپتان تھے لیکن اختلافات کے باعث انہوں نے ایونٹ کے دوران ہی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد انگلش آل راؤنڈر روی بوپارا نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور دوسرے ایڈیشن میں سری لنکن بیٹسمین کمارا سنگا کارا نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔