آئندہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے، آصف زرداری

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 11 نومبر 2017
اب کوئی کیانی ،افتخار چوہدری فارمولہ نہیں چلے گا، فافن وفد سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

اب کوئی کیانی ،افتخار چوہدری فارمولہ نہیں چلے گا، فافن وفد سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اب کوئی کیانی اور افتخار چوہدری فارمولہ نہیں چلے گا اور آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دینگے۔

آصف زرداری نے کہاکہ نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا، 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیے گئے تھے، لیکن اب حالات مختلف ہیں، ہم سب انتخابی میدان میں ہون گے۔اس بار عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی کیانی اور افتخارچوہدری فارمولہ نہیں چلے گا۔ فافن کے وفد نے انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔

آصف زرداری نے گزشتہ روز فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے آصف زرداری کو ووٹرزکی رجسٹریشن اور انتخابات سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دی۔ وفد میں فافن کے شاہد فیاض، مدثر رضوی، یاسر جاوید اور جاوید منوا شامل تھے۔ نیر بخاری، فرحت اللہ بابر، چوہدری منظور اور مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی موجودتھے تاہم اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے بھی حال ہی میں ووٹر فہرستوں میں ایک کروڑ30لاکھ خواتین ووٹرز کے نام موجود نہیں اوراب وہ آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے فافن رپورٹ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اورسیاست میں حصہ لیکر فیصلہ سازی شرکت کیلیے ضروری ہے کہ ووٹر فہرستوں میں ان کے نام رجسٹر کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔