یورپی یونین کے وفد کا کراچی فش ہاربر 2 فیکٹریوں کا دورہ

نیلامی ہال، دونوں سی فوڈ فیکٹریوں کے پراسیسنگ پلانٹس اور موڈیفائی بوٹس کا جائزہ لیا۔


Business Reporter March 08, 2013
فش ہاربر اتھارٹی کے اقدامات پر اطمینان، مزید کمپنیوں کو برآمد کی اجازت کیلیے امید کا اظہار۔ فوٹو: پی پی آئی

یورپی یونین کے ایک وفد نے گزشتہ روز کراچی فش ہاربر کا دورہ کیا اور پاکستان سے سی فوڈز کی برآمد کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یورپین یونین کے وفد میں Pierre Mayaudon اور یورپی یونین وفد کے سینئر تجارتی مشیر حسنین افتخار شامل تھے۔ وفد نے کراچی فش ہاربر اتھارٹی کے ایم ڈی عبدالغنی جوکھیو سے ملاقات اور یورپی یونین کو سی فوڈز کی برآمد کی اجازت حاصل کرنے والی 2کمپنیوں اخلاق انٹرپرائزز اور اے جی فشریز کی فیکٹریوں کا بھی دورہ کیا اور سی فوڈز کی برآمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا، یورپی یونین کے وفد نے فش ہاربر کے دورے کے دوران نیلامی ہال، دونوں فیکٹریوں کے پراسیسنگ پلانٹس اور موڈیفائی بوٹس کا بھی جائزہ لیا اور کراچی فش ہاربر اتھارٹی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

3

یورپی یونین کے وفد نے 2 پاکستانی کمپنیوں کو سی فوڈز کی برآمد کی اجازت ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جدید معیارات اپنا کر مزید پاکستانی کمپنیاں بھی یورپی یونین کو سی فوڈز کی برآمد کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ یورپی یونین نے 2007 میں پاکستان کی 11 سی فوڈ فیکٹریوں کو ڈی لسٹ کرتے ہوئے پاکستان سے سی فوڈ کی درآمد معطل کر دی تھی تاہم فش ہاربر اتھارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے یورپی اعتراضات دور کیے جانے کے بعد گزشتہ ماہ 2 پاکستانی فیکٹریوں کو برآمدات کی اجازت دے دی ہے۔