جنوبی پنجاب میں20گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شدید گرمی سے5ہلاک

مختلف علاقوں میں 2 روز سے بجلی بند، شہریوں کا احتجاج، وہاڑی میں گرمی سے 13 افراد بے ہوش


ڈسٹرکٹ اسپتال ساہیوال میں 2 مریض بچیاں جاں بحق، لوڈشیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے،سندھ میں بھی شدید گرمی فوٹو: فائل

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہروں میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر18 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 20 سے22 گھنٹے تک کر دیا گیا ۔

گرمی سے 5 افراد جاں بحق اور درجنوں بیہوش ہوگئے' گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ کے ستائے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے، وہاڑی اور لودھراں میں شدید گرمی سے4 افراد چل بسے جبکہ 13 بے ہوش ہوگئے اس کے علاوہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ20 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔

کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے شہر اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ کراچی میں دھوپ کی حدت میں اضافے نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ملتان میں جمعے کو درجہ حرارت 44.5 سنٹی گریڈ رہا جو کہ اب تک کے موسم گرما میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہے گا۔ وہاڑی میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ رہا' شدید گرمی اور لو لگنے سے 3افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گرمی میں کام کرتے ہوئے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے۔



جنھیں اسپتال داخل کرا دیا گیا۔ لودھراں میں خاتون اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال ساہیوال میں بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی کے باعث 2مریض بچیاں جاں بحق ہوگئیں ۔ شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ۔جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی اور بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث10افراد بیہوش ہو گئے۔

دریں اثناء ملک بھر میں گرمی کی لہر تیز ہو گئی ، لاڑکانہ میں درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا۔ ملتان میں جمعہ کو گرم ترین دن رہا ، درجہ حرارت 44.5 پر جا پہنچا ۔ صحرائے تھر میں گرمی کی حالیہ لہر نے لوگوں کو بے حال کر دیا ہے ۔ گرمی کی موجودہ لہر نے دیہاتوں کو سنسان کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب ، سندھ، 18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی2 روز سے بند ہے۔ٹیکسٹائل سے وابستہ تمام ایسوسی ایشنز ، تاجر تنظیموں اور پاور لومز ورکر ز نے مشترکہ احتجاج کا فیصلہ کر لیا ہے اور حکومت کو صنعتی علاقوں سے غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ تین دن میں ختم کرنے کا الٹی میٹم دیدیا۔

مقبول خبریں