اسلامی بینکاری کو فروغ دینے کیلیے خصوصی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم

خصوصی رپورٹر  بدھ 11 دسمبر 2013
کمیٹی 31 دسمبر 2014 تک رپورٹ پیش، اسلامی مالی نظام کے لیے پالیسی فریم ورک تیار اور ٹائم پلان تجویز کرے گی، وزارت خزانہ۔ فوٹو: فائل

کمیٹی 31 دسمبر 2014 تک رپورٹ پیش، اسلامی مالی نظام کے لیے پالیسی فریم ورک تیار اور ٹائم پلان تجویز کرے گی، وزارت خزانہ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلامی بینکاری کے فروغ کیلیے 10 رکنی خصوصی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق مذکورہ کمیٹی کا نوٹیفکیشن اور ٹرمز آف ریفرنس جاری کردیے گئے ہیں، کمیٹی کے چیئرمین معروف بینکر سعید احمد  جبکہ ممبران میں مولانا مفتی منیب الرحمن، محمد عمران عثمانی، ڈاکٹر وقار مسعود، منیر کمال، آفاق خان، عرفان صدیقی، عاطف باجوہ، میاں محمد ادریس اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر اسلامک بینکنگ ڈپارٹمنٹ شامل ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک اس کمیٹی کے لیے سیکریٹریٹ آفس فراہم کرے گا جبکہ یہ کمیٹی سفارشات پر مبنی رپورٹ تیار کر کے 31 دسمبر2014 تک پیش کرے گی۔

ٹرمز آف ریفرنس کے تحت کمیٹی اسلامی بینکاری کے حوالے سے ماضی کی رپورٹس، اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹ، ملکی معیشت کو اسلامی بنانے کے لیے قائم کمیشن کی رپورٹ، وزارت منصوبہ بندی کے تحت سیلف ریلائنس کمیشن کی رپورٹ کے علاوہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قائم کردہ کمیشن کی مرتب کردہ رپورٹ کا بھی جائزہ لے گی۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی ملک میں اسلامی مالیاتی نظام متعارف کرانے کے لیے جامع پالیسی فریم ورک تیار، عملی اقدامات اور اسلامی بینکاری کے مختلف مراحل کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ اور ٹائم پلان بھی تجویز کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔