لاہورایئرپورٹ سے دہشتگرد کی گرفتاری کا معمہ حل، بیوی نے ہی شوہر کو پھنسانے کا منصوبہ بنایا

ویب ڈیسک  منگل 8 جولائی 2014
اے ایس ایف  نے ملزم دلدار شاہ کو حراست میں لے لیا تاہم  اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی، فوٹو:فائل

اے ایس ایف نے ملزم دلدار شاہ کو حراست میں لے لیا تاہم اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی، فوٹو:فائل

لاہور: ایئرپورٹ پر مسقط سے آنے والے شخص کی گرفتاری کا معمہ حل ہوگیا، ملزم کو کسی اور نے نہیں بلکہ اس کی اپنی بیوی نے ہی آشنا کے ساتھ ملکر دہشتگرد قرار دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے حسنین آباد کی رہائشی خاتون سونیا نے رات گئے پولیس اور ایئرپورٹ حکام کو فون پر اطلاع دی کہ علی الصبح مسقط سے نجی ائیرلائن کے ذریعے آنے والا مسافر دلدار شاہ لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر خود کو دھماکے سے اڑا لے گا جس کے بعد ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور حساس اداروں کے اہلکار  دہشتگرد کی گرفتاری کیلئے الرٹ ہوگئے تاہم اے ایس ایف اہلکاروں نے ملزم دلدار شاہ کو حراست میں لیا تو اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اسے دہشتگرد قرار دیا جاسکے ۔

پولیس نے خفیہ اطلاع دینے والی سونیا کو پہلے ہی حراست میں لے رکھا تھا تاہم تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ دلدار شاہ کو دہشتگرد قرار دینے والا کوئی اور نہیں بلکہ اس کی اپنی بیوی سونیا ہے جس نے ہمسائے کاشف کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو پھنسانے کا منصوبہ بنایا اور رات گئے اپنے دیور شاہنواز کا موبائل فون چرایا جس کے ذریعے پولیس اور ایئرپورٹ حکام کو دہشتگرد کی آمد کے حوالے سے اطلاع  دی۔

دوسری جانب طیارے میں سوار مسافروں کا کہنا تھا کہ دلدار شاہ کی دوران پرواز کئی مسافروں سے تلخ کلامی ہوئی اور اس کے چہرے پر پریشانی واضح تھی تاہم لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر وہ کچھ زیادہ ہی مشتعل ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔