فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ کی ٹیم کیساتھ شاہ رخ خان’’راک اسٹار‘‘ بن کر امریکا اور کینیڈا جائیں گے

نیٹ نیوز  جمعـء 25 جولائی 2014
اپنے ٹوئیٹ میں شاہ رخ نے کنسرٹس کی تاریخیں دیدیں، کامیابی پر دیگر ممالک بھی جائیں گے، فلم دیوالی پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔    فوٹو : فائل

اپنے ٹوئیٹ میں شاہ رخ نے کنسرٹس کی تاریخیں دیدیں، کامیابی پر دیگر ممالک بھی جائیں گے، فلم دیوالی پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فوٹو : فائل

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی راک سلام ٹیم کے ساتھ امریکا اور کینیڈا ستبمر میں دورہ کرنے والے ہیں۔

یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ شاہ رخ خان عمومی طور پر امریکا جانے سے پرہیز کرتے ہیں کیونکہ متعدد بار انھیں ایئرپورٹ پر روک لیا جاتا رہا ہے مگر تمام حالات ان کے موافق جا رہے ہیں‘ آنے والے ستمبر میں 48 سالہ سپر اسٹار اپنے نارتھ امریکا(امریکا اور کینیڈا) کا دورہ کرنے والے ہیں جس میں وہ میوزیکل کنسرٹس میں اپنے مداحوں کو محظوظ کریں گے اور یہ سب کچھ وہ اپنی نئی آنے والی فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ کی تشہیر کے سلسلے میں کر رہے ہیں۔

اپنے اسے دورے میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں اداکاری کرنے والے اداکارہ دپیکا پڈکون‘ ابھیشیک بچن‘ سونو سود‘ بومن ایرانی اور ویون شاہ بھی ساتھ ہوں گے۔ شاہ رخ کی ٹیم کے ساتھ خصوصی طور پر ملائکہ اروڑا بھی ہونگی جب کہ یویو ہنی سنگھ‘ فلم ڈائریکٹر فرح خان اور گلوکار کنیکا کپور بھی اس ٹور میں ساتھ ساتھ ہونگی۔ اس سلسلے میں شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئیٹ میں اس دورے کا ایک پوسٹر اور مختلف کنسرٹس کی تاریخیں بھی درج کی ہیں۔ اس ٹوئیٹ کے مطابق شاہ رخ خان ٹیم کے ساتھ 19 ستمبر کو ہوسٹن‘ 20 کو نیو جرسی‘ 21 کو ٹورنٹو‘ 26 کو شکاگو‘ 27 کو وین کوور اور 28 ستمبر کو سین جوز میں پرفارم کریں گے۔ اس دورے کا مقصد شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ کی بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ ہے۔

اس بڑے خیال کے تحت فلم کی ٹیم ایک تیر سے دو شکار کرے گی‘ فلم کی ایک تو عالمی سطح پر تشہیر ہو جائے گی اور دوسرا یہ کہ اس فلم کی پوری ٹیم اپنے لیے بہت زیادہ رقم بھی بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ نارتھ امریکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ٹیم دیگر ممالک میں بھی اس طرح کے میوزیکل کنسرٹ منعقد کرانے کے منصوبے بنا رہی ہے۔ یاد رہے فلم ’’ہیپی نیو ایئر ‘‘ رواں برس دیوالی میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔