بھارت میں جھیل کے پانی میں تقریباً 5 گھنٹے تک بے حرکت پڑے شخص کو مردہ سمجھ کر پولیس طلب کر لی گئی جبکہ اہلکار کے ہاتھ لگاتے ہی وہ اچانک اٹھ بیٹھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر ہنمکنڈہ میں مقامی افراد نے ایک شخص کو طویل وقت سے پانی میں بے حس و حرکت پڑا دیکھا تو اسے لاش سمجھ لیا اور پولیس کو اطلاع دے دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور مبینہ لاش کو پانی سے نکالنے کی کوشش کی تو وہ شخص اچانک حرکت کرتے ہوئے اٹھ بیٹھا جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے۔
پوچھ گچھ پر شخص نے بتایا کہ وہ قریب واقع گرینائٹ کی کان میں کام کرتا ہے اور مسلسل کام کرنے کے باعث شدید تھکاوٹ کا شکار تھا۔
اس کے مطابق وہ گرمی اور تھکن سے نجات کے لیے پانی میں اترا تھا، جہاں اسے اتنی گہری نیند آگئی کہ کئی گھنٹوں تک وہیں سوتا رہا۔
واقعے کی دلچسپ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔