دلیر مہندی کی پرفارمنس پر تنازع، بھارتی وزیر اسٹیج پر پہنچ گئے

مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ گلوکار کی ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارمنس دیکھنے کےلیے نہیں آئے تھے


ویب ڈیسک October 20, 2026

بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے نریندرا نگر میں ایک میلے کے دوران پرفارمنس تنازع کا شکار ہوگئی۔ شائقین نے الزام لگایا کہ گلوکار براہِ راست گانے کے بجائے پہلے سے ریکارڈ شدہ آواز پر لب ہلا رہے تھے، جس پر تقریب میں موجود لوگوں نے ناراضی کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلیر مہندی نے ثقافتی تقریب میں دو گانے پیش کیے، تاہم بعد میں پس منظر میں ریکارڈ شدہ آواز سنائی دینے پر حاضرین نے اعتراض کیا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ وہ گلوکار کو براہِ راست گاتے سننے کے لیے آئے تھے، اس لیے ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارمنس دیکھ کر انہیں مایوسی ہوئی۔

صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ یونیال اسٹیج پر پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر نے گلوکار سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام نے براہِ راست پرفارمنس کے لیے مدعو کیا تھا، ریکارڈ شدہ آواز پر گانے کے لیے نہیں۔ ان کے ردعمل کے بعد اسٹیج پر تلخ کلامی ہوئی اور پنڈال میں بھی بدنظمی پیدا ہوگئی۔ پولیس اور منتظمین نے مداخلت کرکے صورتِ حال کو قابو میں کیا۔

منتظمین نے وضاحت کی کہ اس تقریب میں اصل میں گلوکارہ سونندا شرما نے پرفارم کرنا تھا، لیکن طبیعت خراب ہونے کے باعث وہ شرکت نہیں کر سکیں۔ ان کے مطابق دلیر مہندی کو پروگرام سے صرف دو روز قبل متبادل فنکار کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انتظامات اور تکنیکی تیاری کے لیے وقت محدود تھا۔

پروگرام کے بعد بیک اسٹیج گفتگو میں دلیر مہندی نے اپنی پرفارمنس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث وہ براہِ راست گانے کے قابل نہیں تھے۔ ان کے مطابق شو جاری رکھنے کے لیے تکنیکی ٹیم اور منتظمین کو ریکارڈ شدہ موسیقی کا سہارا لینا پڑا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں عوام سے ہمیشہ محبت ملی ہے اور وہ شائقین کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔

بعد ازاں تکنیکی مسائل دور کیے گئے اور دلیر مہندی نے پرفارمنس کا کچھ حصہ براہِ راست پیش کیا۔ رپورٹس کے مطابق اس کے بعد شائقین کا ردعمل بہتر ہوگیا اور تقریب دوبارہ معمول کے مطابق جاری رہی۔