عمران خان اور طاہر القادری لاشوں پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  جمعرات 28 اگست 2014
سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کا کردار مثبت ہے اور ان کے رہنما اب بھی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔،خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کا کردار مثبت ہے اور ان کے رہنما اب بھی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔،خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ طاہر القادری اور عمران خان لاشوں پر اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں تاہم ہم تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور انہیں سیاست چمکانے کے لئے لاشیں فراہم نہیں کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت صبر، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے، ہم لشکر کشی پر یقین نہیں رکھتے، ہم نے ماضی میں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، ہم چاہتے ہیں اس کا پرامن حل نکلے، اس میں ذاتی انا کا کوئی مسئلہ نہیں۔ شاہراہ دستور پر بیٹھے لوگوں نے بار ہا تصادم اور خون خرابے کی دھمکیاں دی ہیں، وہ چاہتے ہیں یہاں تصادم اور خونزیری ہو جس کے بعد وہ لاشوں پر اپنی سیاست چمکائیں۔ حکومت ان کو لاہور پر بھی روک سکتی تھی لیکن ہم نے انہیں ریڈ زون آنے دیا، کسی بھی مرحلے پر تصادم کی فضا پیدا نہیں کی ، دھرنا دینے والے آج بھی کوشش کریں گے کہ یہاں خون خرابہ ہو لیکن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہیں بھی تصادم نہ ہو۔ ہم تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔ انہیں سیاست چمکانے کے لئے لاشیں نہیں دیں گے۔ اس ملک کو خون خرابے سے بچائیں گے لیکن حکومت کی برداشت ، رواداری اور تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت میں موجود لوگوں کا پورا خیال ہے، ان کے پاس پانی و بجلی کی وزارت کا قلمدان ہے، الیکٹرانک میڈیا ملک کے کسی بھی حصے میں اگر بجلی کا ایک کنڈا نظر آئے تو پورا دن اسے دکھایا جاتا ہے لیکن ریڈ زون میں سیکڑوں کنڈے لگے ہوئے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں، اس علاقے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی ، اس کے علاوہ دھرنے کی جگہ ہر اسٹریٹ لائٹ بھی بند نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کا کردار مثبت ہے اور ان کے رہنما اب بھی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔