پلیئرز پاور ختم، ٹیم کو پاور فل بنائیں

موجودہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بڑے بڑے دباؤ میں نہیں لا سکے تو کرکٹرز کیا ہیں


سلیم خالق November 23, 2026

’آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی رقم سے شیئر نہیں ملا تو میں سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کروں گا‘ ایک کھلاڑی نے جب یہ کہا تو دیگر نے بھی جواب دیا ’ہاں ہاں ہم بھی آپ کے ساتھ ہیں، ہم کوئی بورڈ کے غلام ہیں کہ وہ جو کہے وہ مان لیں، اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو بتائیں گے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں، پیسہ ہماری وجہ سے آئے اور ہم ہی نہ کمائیں یہ کیا بات ہوئی‘۔

2023 کی ایک شام کرکٹرز کی ایک میٹنگ میں یہ باتیں ہوئیں، ان کے بیک پر ایک کمپنی تھی جس کے اشاروں پر ہی سب کچھ ہوتا تھا، پلیئرز نے کئی ماہ تک خاموش احتجاج کیا، پھر جب میچ شرٹ پر اسپانسر کمپنی کا لوگو لگانے سے انکار اور ورلڈکپ کے دوران آئی سی سی کی تشہیری سرگرمیوں سے دور رہنے کا عندیہ دیا تو پانی سر سے اونچا ہونے لگا، اس وقت کے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اس صورتحال پر تشویش کا شکار تھے، کئی بار میری ان سے اس حوالے سے بات ہوئی تھی، پلیئرز کی ’دھمکیوں‘ کا بورڈ پر اثر بھی پڑا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور اسٹار پلیئرز کی مینجمنٹ کمپنی ایک ہی تھی، طے یہ ہوا کہ انضمام کرکٹرز سے بات کریں گے، یوں وہ دونوں پارٹیز کے نمائندے بن گئے، انضمام بابر اعظم کو ساتھ لے کر ذکا اشرف کے گھر گئے جہاں کپتان نے آسٹریلیا اور بعض دیگر بورڈز کی طرح پلیئرز کو آئی سی سی کی رقم سے حصہ دینے کی بات کہی، بورڈ چیف نے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا، پھر پی سی بی حکام کی میٹنگ میں مطالبہ مانتے ہوئے آئی سی سی سے ملنے والی اربوں روپے کی رقم سے تین فیصد کھلاڑیوں کو دینے کا فیصلہ ہو گیا، یہ رقم بھی کروڑوں بنی، اس طرح  بابر، رضوان جیسے سینئرز کا معاوضہ بڑے اضافے کے ساتھ 45 لاکھ ماہانہ ہو گیا، دیگر کی رقم بھی خاصی بڑھ گئی، اس طرح پلیئرز پاور جیت گئی اور بورڈ ہار گیا۔

اب بات کرتے ہیں 2026 کی، ’سر وہ کنٹریکٹ کا کیا بنا، جس بھی کیٹیگری کا ہو دے دیں کوئی مسئلہ نہیں ہے‘ ایک کھلاڑی نے بورڈ آفیشل سے کہا۔ ’سر میں ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کیلیے تیار ہوں، کنٹریکٹ کیلیے کتنے میچز کھیلنا ہوں گے‘ ایک اور پلیئر نے سلیکٹر سے یہ بات کی، اے کیٹیگری ملے گی یا بی، معاوضہ کتنا بڑھے گا اب ایسے سوال سامنے نہ آئے، کنٹریکٹ کا پورا سسٹم ہی تبدیل ہو گیا کسی نے کوئی اعتراض نہ کیا، برسوں بعد ’اسٹار‘ کرکٹرز ڈومیسٹک میچز بھی کھیلتے نظر آئے، کئی ماہ کی تاخیر سے اب نئے معاہدوں کا اعلان ہوا ہے۔

ان دونوں ادوار میں واضح فرق پی سی بی کی مینجمنٹ کا ہے، محسن نقوی کو بڑے بڑے دباؤ میں نہیں لا سکے تو کرکٹرز کیا ہیں، ایسا نہیں ہے کہ وہ سختی کرتے ہیں، کئی کھلاڑیوں سے ان کی دوستی ہے اور جب ساتھ بیٹھیں تو قہقہے بھی لگتے ہیں لیکن وہ مینجمنٹ میں سخت ہیں، اب سب جانتے ہیں کہ بلیک میلنگ نہیں چلے گی اس لیے صرف کرکٹ پر توجہ ہے، پلیئرز پاور کا پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان ہوا، سب سے بڑی بات یہ تھی کہ کئی برس تک نئے پلیئرز سامنے نہ آئے، چند کھلاڑیوں کی اجارہ داری رہی۔

جب رمیز راجہ بورڈ چیف تھے تو وہ کپتان بابر اعظم سے پوچھ کر ڈیڈ پچز بنواتے جس سے ہماری کرکٹ پیچھے چلی گئی، بلاشبہ اس دور میں کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی بعض مواقع پر اچھی رہی لیکن آپ سینٹرل کنٹریکٹ تنازع کے بعد دیکھ لیں کیا ہوا؟ صرف چند بڑے پلیئرز کی پرفارمنس کا ہی جائزہ لے لیں تو پتہ چل جائے گا کہ تکبر کا انجام کیا ہوتا ہے، پیسہ تو ملا لیکن کس قیمت پر یہ بھی تو دیکھیں، یقینی طور پر اچھا کمانا سب کا حق ہے لیکن ہم آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ اپنا موازنہ نہیں کر سکتے، ہمیں اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانا پڑتے ہیں۔

کرکٹرز کی وجہ سے بورڈ کے پاس پیسہ آتا ہے بالکل درست لیکن کیا جو قومی ٹیم کا حصہ ہیں یہ سارا پیسہ انہی 15، 20 کا ہے دیگر ڈومیسٹک پلیئرز کو کچھ نہیں ملنا چاہیے؟ گراؤنڈز کی دیکھ بھال، کوچز کی تنخواہیں و دیگر بے تحاشا اخراجات ہوتے ہیں، اب تو ایک عام انٹرنیشنل کھلاڑی بھی آسانی سے کروڑوں کما لیتا ہے، کنٹریکٹ کی ماہانہ رقم، میچ فیس، پی ایس ایل و دیگر لیگز کا معاوضہ انہیں اتنے پیسے دلا دیتا ہے جو شاید اعلیٰ تعلیم یافتہ سی ای او بھی نہ کما سکے۔

اپنا کاروبار چمکانے کے خواہشمند بعض لوگوں نے کھلاڑیوں کا پہلے بھی استعمال کیا اور اب بھی کر رہے ہیں، البتہ پرفارمنس خراب ہوئی تو آہستہ آہستہ پلیئرز پاور بھی نہ رہی، لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد جب میری لندن میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات ہوئی تھی تب انہوں نے واضح کر دیا تھا کہ اب نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کیا جائے گا، ایسا ہونے کے نتائج بھی دیکھیں، سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہرایا، انگلینڈ کی شمولیت سے ہونے والی ٹرائنگولر سیریز جیتی، اب ٹیم نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں بھی زیر کر لیا،کئی نئے پلیئرز اس دوران عمدہ کھیل پیش کرتے دکھائی دیے۔

دھونس دھمکی سے ملنے والی پاور اس وقت تک ساتھ دیتی ہے جب تک آپ اچھا پرفارم کریں، جہاں بیٹ اور بال نے تھوڑا سا ساتھ چھوڑا وہیں آس پاس کوئی دکھائی نہیں دیتا، البتہ اگر اچھے وقت میں زیادہ اونچا اڑنے کے بجائے قدم زمین پر ہی رکھیں تو برے وقت میں بھی لوگ ساتھ دیتے ہیں۔

چند سال قبل جب پاکستان کی ایک ہی پلیئنگ الیون رہتی تھی تب نجانے کتنے باصلاحیت کرکٹرز چانس کے انتظار میں بیٹھے رہ گئے، اب وہ دور ہے جب کسی نے اچھا پرفارم کیا تو اسے موقع ضرور ملے گا، ایسا نہیں ہے کہ یہ نوجوان کرکٹرز چند ماہ میں پاکستان کو ورلڈ چیمپئن بنوا دیں گے لیکن یہ ضرور ہے کہ اگر یہ کھیلتے رہے تو ایک دن ملک کا نام روشن کریں گے، سینئرز کا ساتھ بھی ضروری ہے، اسی طرح اچھا کمبی نیشن بنتا ہے، کافی عرصے بعد پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرتی نظر آ رہی ہے، اس سلسلے کو جاری رہنا چاہیے، اب ’بادشاہ، وزیر‘ والی باتیں نہیں ہونی چاہیئں، ایسا کلچر بنائیں جس میں سب ہی اسٹار ہوں، کسی ایک پر انحصار نہ کیا جائے، ایسا ہونا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔