ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: سری لنکا نے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو شکست دے دی

تسمیہ رباب کی 11 گیندوں پر ناقابل شکست 23 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی


اسپورٹس ڈیسک November 23, 2026

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں سپر سکس کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی۔

عجمان کے کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

امیشا دولانی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ویشمی گنارتنے نے 30 جبکہ سنجنا کاوندی نے 16 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے 3 جبکہ نشرہ سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی۔ تسمیہ رباب کی 11 گیندوں پر ناقابل شکست 23 رنز کی جارحانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

عمیمہ سہیل 36 اور طوبیٰ حسن 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

سری لنکا کی جانب سے ستھیا سندیپانی نے 3، سوگاندیکا کماری نے 2 جبکہ ملکی مدارا اور نیلاکشیکا سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس شکست کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 4 رہی اور فائنل تک رسائی کا امکان ختم ہوگیا۔

دوسری جانب ناقابلِ شکست سری لنکن ٹیم پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے جہاں اس کا مقابلہ نیدرلینڈز یا آئرلینڈ سے ہوگا۔