عمران خان کے ساتھ ہی قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دوں گا، شیخ رشید احمد

ویب ڈیسک  منگل 2 ستمبر 2014
سیاسی مسئلے میں فوج اور عدلیہ کو گھسیٹا جارہا ہے،
 شیخ رشید۔ فوٹو فائل

سیاسی مسئلے میں فوج اور عدلیہ کو گھسیٹا جارہا ہے، شیخ رشید۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے جبکہ وہ استعفیٰ تب دیں گے جب عمران خان دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے دھرنے والوں کو دہشت گردوں سے تشبیہہ دی جو قابل مذمت ہے جبکہ یہ باتیں وہ نہیں ان کے اندر کی چار وزارتیں بول رہی ہیں، آج حکومت کو عوام کے ہاتھوں میں غلیل کلاشنکوف نظر آنے لگی ہے،اگر دونوں جماعتوں کے کارکنان اکٹھے نہ ہوتے تو صورتحال مختلف ہوجاتی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اورعمران خان نے بھی جمہوریت ڈی ریل کرنے سمیت کوئی غیر آئینی بات نہیں کی بلکہ وہ دھاندلی کا کہہ رہے ہیں جو تمام جماعتیں بھی کہہ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مسئلے میں فوج اور عدلیہ کو گھسیٹا جارہا ہے، میں نے عمران خان کو کوئی اشارہ نہیں کیا، کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کروں گا اور استعفیٰ تب دوں گا جب عمران خان دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔