ایران میں 3 خواتین سمیت 6 گلوکاروں کو امریکا میں نازیبا انداز میں گانا گانے پر91 کوڑوں کی سزا

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
گلوکاروں نے پرفارمنس کے دوران نازیبا انداز اختیار کیا جبکہ خواتین گلوکاروں نے اسکارف کے بغیر پرفارم کیا،ایرانی میڈیا۔ فوٹو رائٹر

گلوکاروں نے پرفارمنس کے دوران نازیبا انداز اختیار کیا جبکہ خواتین گلوکاروں نے اسکارف کے بغیر پرفارم کیا،ایرانی میڈیا۔ فوٹو رائٹر

تہران: یوں تو گلوکار اپنی آواز کےجادو سے لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیتے ہیں اور کچھ تو پوری کی پوری محفل کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑ لیتے ہیں لیکن ایرانی گلوکارامریکا گئے تو اپنی آواز کا جادو جگانے لیکن وہ جکڑے گئے ایرانی قانون کےشکنجے میں اور جہاں ان کو بھگتنی پڑے گی 6 ماہ کی قید اور 91 کوڑوں کی سزا۔

ایرانی گلوکاروں کا ایک بینڈ جس میں 3 خواتین گلوکارائیں بھی شامل تھیں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے امریکا پہنچا جس کی دعوت انہیں امریکی میوزک بینڈ نے دی تھی، ان گلوکاروں نے نہ صرف میوزک کے دلدادوں کو اپنی سحر انگیز آواز سے لطف اندوز کیا بلکہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوا لیا۔ رواں سال یہ گلو کار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے جب ایران پہنچے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

ایرانی میڈیا  کے مطابق ان گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس کے دوران نازیبا انداز اختیار کیا جب کہ خواتین گلوکاروں نے اسکارف کے بغیر پرفارم کیا جو کہ ایرانی قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس خلاف ورزی پر ان گلوکاروں کو 6 ماہ معطل قید اور 91 کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے، معطل قید کی سزا میں ملزم کو فوری قید میں نہیں ڈالا جاتا بلکہ جج ملزم کو موقع دیتا ہے کہ وہ اپنے رویے کو درست کرلے اور اگر ملزم اس عرصے کےدوران دوبارہ جرم نہیں دہراتا تو اس کی سزا ختم کی جاسکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر گلوکاروں کی سزا کو ان کے مداحوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے بھی اس سزا پر دبے الفاظ میں تنقید کی تھی۔ مشہد میں قدامت پسند مذہبی اسکالرز کی ایک تقریب کےدوران ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی کے حوالے سے کوئی بھی چیز کو ثقافتی انداز میں ہی ڈیل کیا جانا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔