بھارتی فوج کی چارواہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ، چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی

ویب ڈیسک  جمعرات 23 اکتوبر 2014

سیالکوٹ: بھارتی فوج کی جانب سے چارواہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی ناریان چیک پوسٹ سے دھمالا کے مقاما پر چناب رینجرزکی اشرف شہید چیک پوسٹ پر بھارتی فوج کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جبکہ سرحد پار سے چیک پوسٹوں اور سول آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ چناب رینجرز کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے خاص طور پر دھمالا کے مقام پر اشرف شہید چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ دفاعی پوزیشن پر واقع ہے اور یہ مضبوط دفاعی چیک پوسٹ تصور کی جاتی ہے جبکہ دشمن فوج فائرنگ اور گولہ باری کر کے سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

چناب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے چارواہ سیکٹر پر فائرنگ کی اور سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا تاہم چناب رینجرز کی جوابی کارروائی کے بعد دشمن کی بندوقیں خاموش ہوجاتی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی سرحدی خلاف ورزی کے دوران 12 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ ورکنگ باؤنڈری کے قریب سول آبادی نقل مکانی پر مجبور ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔