پاکستان دنیا بھر میں پولیو وائرس پھیلانے والا واحد ملک قرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 نومبر 2014
پولیو وائرس سے متعلق  دی گئی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو  پاکستانی مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی، عالمی ادارہ صحت فوٹو: فائل

پولیو وائرس سے متعلق دی گئی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو پاکستانی مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی، عالمی ادارہ صحت فوٹو: فائل

جینیوا: عالمی ادارہ صحت نے پولیو  سے  متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے پاکستان کو  دنیا بھر میں وائرس  پھیلانے والا واحد ملک قرار دے دیا ہے۔ 

عالمی ادارہ صحت کی  ہیلتھ کمیٹی نے  دنیا بھر سے پولیو  کے خاتمے کے لئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان واحد ملک ہے جس سے پولیو دنیا میں پھیل رہا ہے، رواں برس جولائی سے اب تک 3 بار پولیو وائرس پاکستان سے افغانستان منتقل ہو چکا ہے۔ بین الاقوامی بیلتھ کمیٹی کی رپورٹ میں  حکومت پاکستان سے پوچھا گیا ہے کہ  کتنے پاکستانی سرٹیفیکیٹ لے کر بیرون ملک گئے اور  کتنے افراد کو  پولیو سرٹیفیکیٹ نہ ہونے پر بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

بین الاقوامی ہیلتھ کمیٹی  نے پاکستان کو 6 ماہ میں پولیو وائرس پر قابو پانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو سرٹیفیکٹ کے بغیر  کسی کو بھی  بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور   پولیو سرٹیفیکیٹ سے متعلق تمام معلومات  فراہم کی جائیں۔ عالمی ادارہ صحت  کا کہنا ہے کہ اگر  پولیو وائرس سے متعلق  دی گئی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو  پاکستانی مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں برس بھی پاکستان میں پولیو کے 243 کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد خیبر پختون خوا اور فاٹا کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔