مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
 مزاحمت کاروں نے 2 مختلف مقامات سے کیمپ کو نشانہ بنایا، قابض بھارتی فوج۔ فوٹو؛فائل

مزاحمت کاروں نے 2 مختلف مقامات سے کیمپ کو نشانہ بنایا، قابض بھارتی فوج۔ فوٹو؛فائل

سری نگر: قابض بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 مزاحمت کار بھی جاں بحق ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس 5 مزاحمت کاروں نے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے آرنیا میں فوجی کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تاہم ہلاک ہونے والے 3 دیگر افراد کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ قابض بھارتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کیمپ میں فوجی معمول کے مطابق بیٹھے تھے کہ مزاحمت کاروں نے اچانک حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 مزاحمت کار بھی جاں بحق ہوگئے،ایک کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ فرار ہونے والے ایک مزاحمت کار کی تلاش کے لئے علاقے میں  سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

قابض بھارتی فوجی حکام کے مطابق مزاحمت کاروں نے 2 مختلف مقامات سے کیمپ کو نشانہ بنایا اور 3 افراد پر مشتمل ایک گروپ نے آرمی بنکر جب کہ دوسرے گروپ نے قریبی گھر سے مدد لیتے ہوئے منصوبہ بندی کے تحت اچانک حملہ کیا۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ مزاحمت کار فوجی وردی پہننے کے باعث شناخت نہ ہوسکے اس لئے اپنی کارروائی میں کامیاب رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔