بھارت کے 66ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوں کا یوم سوگ، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال

ویب ڈیسک  پير 26 جنوری 2015
ہڑتال کے دوران مقبوضہ وادی کے تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور دفاتر بند ہیں۔ فوٹو: فائل

ہڑتال کے دوران مقبوضہ وادی کے تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور دفاتر بند ہیں۔ فوٹو: فائل

سری نگر: بھارت کے 66ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد کشمیری عوام یوم سوگ منارہے ہیں جبکہ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری عوام آج بھارتی یوم جمہوریہ ،یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، حریت پسند جماعتوں کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور سرکاری ونجی دفاتر بند ہیں۔ سڑکوں پر بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد گشت کر رہی ہے، جنہیں انتظامیہ کی جانب سے  کسی قسم کے احتجاجی مظاہرے کو روکنے کے لیے طاقت کے استعمال سے بھی دریغ نہ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت آج اپنا 66واں یوم جمہوریہ منارہا ہے، اس سلسلے میں مرکزی تقریب دارالحکومت نئی دہلی میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی امریکی صدر باراک حسین اوباما تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔