بھارتی صحافی نے کوہلی کی بدتمیزی کی شکایت بورڈ اور آئی سی سی سے کردی

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2015
واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا اور اس مسئلے کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سیکریٹری بی سی سی آئی،
فوٹو:فائل

واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا اور اس مسئلے کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سیکریٹری بی سی سی آئی، فوٹو:فائل

نئی دہلی: گزشتہ روز ویرات کوہلی کو صحافی سے بدتمیزی مہنگی پڑ گئی اور صحافی نے اپنی بے عزتی کو رفع دفع کرنے کی بجائے کرکٹر کی شکایت آئی سی سی اور بھارتی بورڈ سے کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے ویرات کوہلی کے معاملے کو رفع دفع کرانے کی کوشش کی لیکن کوہلی کے رویئے سے دلبرداشتہ صحافی جسوندر سنگھ نے کسی کی ایک نہ سنی اور کوہلی کی شکایت بی سی سی آئی سمیت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھی کردی۔

بھارتی صحافی کی جانب سے شکایت پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ  گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا اور اس مسئلے کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ورلڈکپ کے دوران ٹیم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہ پڑے جو اس کے کھیل پر اثر انداز ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویرات کوہلی بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما کے خلاف کالم لکھنے  پرسینئر صحافی  جسوندر سدھو کو مغلظات بکیں اور بد تمیزی کی جب کہ مذکورہ صحافی نے کالم لکھا ہی نہیں تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔