گوجرانوالہ ٹرین حادثے کے شہدا کی نمازجنازہ ادا، جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 3 جولائی 2015

گوجرانوالہ: ٹرین حادثے کے شہید لیفٹیننٹ كرنل عامر ان كی اہليہ اور2 بچوں سمیت دیگر شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جب کہ حادثے میں شہید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/q12.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/train.jpg

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ روز پنوعاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین ہیڈ چناواں کے قریب پل ٹوٹنے کے باعث نہر میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 4 فوجی افسروں سمیت 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ آج صبح جب ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا تو مزید 3 لاشیں نکال لی گئیں جن کی شناخت صوبیدار میجر اسلام، نائیک عارف اور نصیر کے ناموں سے ہوئی ہے جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 17 ہوگئی جب کہ مزید لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کینٹ میں رات گئے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ، میجرعادل کو لاہور میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا جب کہ شہید میجرعادل کی نماز جنازہ کیولری گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان سمیت جی او سی میجر جنرل طارق امان، ڈی جی رینجر پنجاب میجرجنرل عمر فاروق برکی سمیت فوجی افسران اورعزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کیپٹن کاشف کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے نظام پور میں ادا کی گئی جب کہ لیفٹیننٹ علی عباس کی نماز جنازہ وادی سون میں ادا کرنے کے بعد تدفین کردی گئی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/q32.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/asim.jpg

ترجمان پاک فوج کے مطابق خصوصی ٹرین کے ذریعے فوجی دستے کھاریاں جارہے تھے تاہم مال گاڑی میں لگی 4 بوگیاں جامکے چھٹا کے مقام پر نہرمیں جاگریں جس کے نتیجے میں یونٹ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عامرجدون سمیت 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان کاکہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ پل کا ٹوٹنا تھا جب کہ نہرمیں ڈوبنے والے مزید مسافروں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی تاہم مزید افراد کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/q52.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/pray.jpg

ٹرین حادثے میں شہید ہونے والوں میں 10 افراد لیفٹیننٹ کرنل عامر جدون ان کی اہلیہ اور بیٹی، میجر عابد، کیپٹن کاشف، لیفٹیننٹ عباس، لائنس نائیک ظفر، سپاہی سلطان، دھنی بخش اور سلیم کی نمازجنازہ رات گئے گوجرانوالہ ایئربیس میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر فوجی افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف سی ایم ایچ گوجرانوالہ پہنچے جہاں انہوں نے حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/q62.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/07/nawaz.jpg

وزیراعظم نوازشریف، سابق صدر آصف زرداری اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ٹرین حادثے پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت اورمتعلقہ اداروں کو تمام وسائل بروئےکار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔