وزن میں کمی  کے ساتھ خوبصورت نظر آنا چاہتے ہیں توخشک میوے کھائیں

ویب ڈیسک  اتوار 5 جولائی 2015
خشک میوے چہرے اور جمسانی خوبصورتی کے لئے بھی معاون ثابت ہوتے ہیں،فوٹو:فائل

خشک میوے چہرے اور جمسانی خوبصورتی کے لئے بھی معاون ثابت ہوتے ہیں،فوٹو:فائل

واشنگٹن: اگر آپ اپنے وزن میں کمی  کے ساتھ خوبصورت اور اسمارٹ نظر آنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے طرح طرح کے جتن اور مہنگے علاج کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ آپ اپنی روز مرہ خوراک میں خشک میوہ جات کے استعمال سے بھی وزن کو کنٹرول کر سکتے ہیں ۔

ایک تحقیق کے مطابق خشک میووں کے ذریعے نہ  صرف خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ یہ وزن کو کنٹرول کرنے کا آسان  طریقہ ہے۔ بادام،کاجو،پستہ، اخروٹ اور چلغوزے دماغی صحت کے لئے بہترین ہونے کے ساتھ چہرے اور جسمانی خوبصورتی میں اضافے کے لئے بھی معاون ثابت ہوتے ہیں، یہ میوے معدنیات اور حیاتین سے بھرپور ہوتے ہیں اور جسم کو درکار غذائیت پوری کرنے اور تازہ خون بنانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں، خشک میوہ جات میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو نہ صرف مطلوبہ جسمانی غذائیت کو پورا کرتے ہیں بلکہ ان سے وزن بھی قابو میں رہتا ہے،ان میں موجود منرلز کی موجودگی سے انسان کو کاربوہائیڈریٹ کی طلب کم ہوتی ہے اور یوں وزن کنٹرول میں رہتا ہے۔

ایسے افراد جو اپنی روز مرہ کی خوراک میں خشک میوہ جات کا استعمال کرتے ہیں وہ دیگر افراد کے مقابلے میں موٹاپے کا کم شکار ہوتے ہیں اور وزن کی زیادتی کے سبب پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں، امریکا کی لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق خشک میووں میں پائے جانے والے اجزا بھوک لگنے کے نظام کو بہتر بناکر اسے اعتدال میں رکھتے ہیں،ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک تہائی  کپ کی مقدار میں خشک میوے کھانے سے وہ تمام ضروری وٹامنز اور منرلز حاصل ہوجاتے ہیں جو کہ ایک دن کی توانائی فراہم کرنے کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔