تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے تحاریک پر قانون کے مطابق فیصلہ کروں گا، ایاز صادق

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اگست 2015
ایچی سن کالج کے پرنسپل کی برطرفی میں میرا کوئی کردار نہیں، ایازصادق، فوٹو فائل

ایچی سن کالج کے پرنسپل کی برطرفی میں میرا کوئی کردار نہیں، ایازصادق، فوٹو فائل

لاہور: اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نےکہاہے کہ تحریک انصاف کےارکان کوڈی سیٹ کرنے سے متعلق ایم کیوایم اورجے یوآئی (ف) کی تحاریک پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سردارایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے کبھی ایوان میں کسی جماعت کے رکن کے ساتھ کبھی تفریق نہیں کی، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کوڈی سیٹ کرنے کے معاملے پروہ غیرجانبداررہیں گے،اگرعمران خان سے بدلہ لینا ہوتا توکوشش کرتا لیکن قومی اسمبلی کے اسپیکرکے طورپروہی کروں گا جوان کی آئینی ذمہ داری ہے، استعفوں پر کئےگئے دستخط کی تصدیق کرنا ان کی ذمہ داری ہے،جاوید ہاشمی کے علاوہ تحریک انصاف کے کسی رکن نے استعفوں کی تصدیق نہیں کرائی۔ پی ٹی آئی کے اراکین کوڈی سیٹ کرنے کے معاملے پرایم کیوایم اورجے یوآئی (ف) کی تحاریک پرایوان میں وہی کریں گے جو آئین اورقانون کے مطابق ہوگا لیکن مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہوگی کہ دونوں جماعتیں اپنی تحاریک واپس لے لیں۔

ایچی سن کالج کے پرنسپل کی برطرفی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل کی برطرفی میں ان کا کوئی کردار نہیں بلکہ ان پر مالی بے ضابطگیوں کا الزام ہے، اگر ان کی تیسری نسل ایچی سن میں نہ بھی پڑھی تو کوئی فرق نہیں پڑتا اور ایسا کیسے ممکن ہے کہ اسپیکرسفارش کرتا اور پوتے کا داخلہ نہ ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔