پاکستان 2016 میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کیمسٹری اولپمیاڈ کی میزبانی کرے گا

ویب ڈیسک  منگل 11 اگست 2015
کراچی میں ہونے والی 10 روزہ اولمپیاڈ میں 75 ممالک کے 400 نوجوان کیمیاداں اور 150 ماہرین شرکت کریں گے، فوٹو:فائل

کراچی میں ہونے والی 10 روزہ اولمپیاڈ میں 75 ممالک کے 400 نوجوان کیمیاداں اور 150 ماہرین شرکت کریں گے، فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان کو آئندہ سال سالانہ بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ کی میزبانی مل گئی ہے اور میزبانی کے فرائض کراچی یونیورسٹی میں واقع بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم ( آئی سی سی بی ایس) کرے گا۔

جامعہ کراچی میں حسین ابراہیم جمال انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سائنسداں اور کیمسٹری اولپمیاڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عطاالرحمان نے بتایا کہ 1968 سے شروع ہونے والی کیمسٹری اولمپیاڈ کا انعقاد ہر سال دنیا کے مختلف ملکوں میں ہوتا ہے تاہم 48 سال میں پہلی بار پاکستان اس کی میزبانی کرے گا۔ کراچی یونیورسٹی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم ( آئی سی سی بی ایس) میں منعقد ہونے والی اس اولمپیاڈ میں 75 ممالک کے400 نوجوان کیمیادان اور 150 ماہرین شرکت کریں گےاور 20  سے 29 جولائی 2016 تک جاری رہنے والی اس تقریب سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تصور اجاگر ہوگا اور مقامی افراد کو بھی اپنی صلاحیتیں اور قابلیت دکھانے کا موقع ملے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ کی مکمل رکنیت 2005 میں ملی تھی جب کہ رواں برس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 47 ویں بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ میں 2 پاکستانی اسکالرز نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔