این اے 122 اور پی پی 147 کے غیرسرکاری نتائج کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 12 اکتوبر 2015

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 کے غیرسرکاری نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار 74 ہزار 525 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 کے غیرسرکاری نتائج موصول ہوچکے ہیں تاہم امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق 74 ہزار 525 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان 72 ہزار 82 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے اس طرح انہیں 2 ہزار 443 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انتخابی دوڑ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر عامر حسن 819 ووٹ حاصل کرسکے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کئی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار 762 تھی جس میں ایک لاکھ 49 ہزار 885 افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور حلقے میں ووٹوں کا تناسب 43.10 فیصد رہا۔

دوسری جانب صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 سے تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی 31 ہزار 964 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن لطیف 28 ہزار 402 ووٹ حاصل کرسکے، اس طرح مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو 3 ہزار 562 ووٹوں سے شکست ہوئی جب کہ انتخابی دوڑ میں پیپلزپارٹی کے امیدوار ایڈوکیٹ افتخار شاہد نے 758 ووٹ حاصل کئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 122 کےموصول ہونے والےنتائج میں پوسٹل بیلٹ پیپرزکانتیجہ شامل نہیں جب کہ ضمنی انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی بھی آج ہی کی جائے گی، پوسٹل بیلٹ پیپرزکی گنتی، حتمی نتیجہ امیدواروں اور الیکشن ایجنٹ کی موجودگی میں مرتب ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔