مودی سرکار نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کی منظوری دیدی

سری لنکا میں کھیلی جانے والی پاک بھارت کرکٹ سیریز کا باضابطہ اعلان بدھ ہونے کا امکان ہے۔


ویب ڈیسک December 08, 2015
دونوں ملکوں کے درمیان سیریز 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 پر مشتمل ہوگی۔فوٹو: اے ایف پی

مودی سرکار نے بالآخر سری لنکا میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کی باضابطہ منظوری دے دی جب کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پیرس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات نے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی کو کسی حد تک کم کیا وہیں نریندر مودی کی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز پر بھی حامی بھر لی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بھی حکومتی فیصلے سے آگاہ کردیا تاہم اس کا باضابطہ اعلان وزیر خارجہ سشما سوراج کی اسلام آباد یاترا کے دوران کیے جانے کا امکان ہے۔

پاک بھارت کرکٹ معاملات کی بحالی میں شریک ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان رواں ماہ ہی سری لنکا میں مختصر سیریز کھیلی جائے گی، جو 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 پر مشتمل ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا تھا کہ پی سی بی بھارتی حکومت کے جواب کی منتظر ہے۔ پاک بھارت سیریز ہونے کی صورت میں شائقین کو ویزہ کے حصول میں مسائل پیش آسکتے ہیں اور ہم نے سری لنکا حکومت سے کہا ہے کہ وہ ویزہ مسائل حل کرنے میں مدد کرے۔