کراچی، گھریلو جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا، شوہر کی خودکشی، بیوی زخمی

جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ سلیمان جبکہ زخمی خاتون کی شناخت پروا شاہ کے نام سے ہوئی ہے


اسٹاف رپورٹر March 30, 2026

کراچی:

گارڈن ویسٹ حسن لشکری کے قریب فلیٹ میں شوہر نے بیوی کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور اپنے آپکو سر پر گولی مار کر خودکشی کرلی، ہلاک ہونے والا شخص تین بچوں کا باپ اور رینٹ اے کار کا کام کرتا تھا، دو شادیاں کر رکھی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق گارڈن حسن لشکری ولیج فقیری مسجد کے قریب لطیف ٹاور کے رہائشی شخص نے گھر میں اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور خود کو سر پر گولی مار کر خودکشی کرلی ، فائرنگ کی آواز سن کو اطراف کے رہائشی افراد فوری طور پر مذکورہ گھر کے باہر پہنچ گئے جبکہ اسی دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی۔

پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیم نے موقع سے شواہد اکھٹا کرنے کے بعد ہلاک ہونے والے شخص اور زخمی خاتون کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے  سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ سلیمان ولد بلال اور خاتون کی 32 سالہ پروا شاہ کے ناموں سے کی گئی۔

 واقعہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے باعث پیش آیا، سلیمان نے پہلے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے تین گولیاں ماریں پھر اس کو لہو لہان دیکھ کر خود کو سر پر گولی مار لی، متوفی رینٹ اے کار کا کام کرتا تھا، سلیمان کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر اس کے دوست بڑی تعداد میں سول اسپتال پہنچ گئے، سلیمان کی ہلاکت پر اسپتال آنے والا ہر شخص غم زدہ تھا جبکہ کچھ دوست دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔

متوفی کے قریبی دوستوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ سلیمان نے دو شادیاں کی تھیں، پہلی بیوی سے اسکا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جبکہ دوسری بیوی سے ایک بیٹا ہے، خاتون کو گولیاں لگنے کی اطلاع ملنے پر اس کا بھائی بھی سول اسپتال پہنچ گیا جہاں اس معلوم ہوا کہ سلیمان ہلاک ہوگیا ہے۔

زخمی خاتون کے بھائی کے مطابق سلیمان سے اس کی بہن کی تقریباً 5 سال قبل شادی ہوئی تھی اور سلیمان اپنے بیوی کو بہت تنگ کر رہا تھا، دونوں کے درمیان آئے دن جھگڑے ہوتے رہتے تھے جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ جھگڑے ہو رہے تھے، اُس نے سلیمان کے خلاف اول فول بولنا شروع کر دیا جس پر سلیمان کے دوستوں اور اس کے بھائی نے تھپڑوں کی بارش کردی۔

سول اسپتال کی سکیورٹی کے عملے نے فوری طور پر زخمی ہونے والی خاتون کے بھائی کو سلیمان کے دوستوں کے چنگل سے نکال کر اسپتال کے واش روم میں بند کردیا ، متوفی کے قریبی دوستوں نے بتایا کہ سلیمان کو اپنے بیوی پر شک تھا جس پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، سلیمان اپنی پہلی بیوی کو پہلے ہی طلاق دے چکا تھا جبکہ چھ روز قبل اس نے اپنی دوسری بیوی کو بھی طلاق دیدی تھی۔

زخمی ہونے والی پروا شاہ نے چھ روز قبل اپنی بہن کو واٹس ایپ پر ایک وائس بھیجی تھی جس میں بتایا تھا کہ اس کے شوہر نے اسے طلاق دیدی ہے مگر پھر بھی زبرستی اپنے ہی پاس رکھا ہوا ہے جبکہ روانی میں پروا شاہ نے سلیمان کو ایک گالی بھی دیدی اور کھا کہ اسے فوری آکر وہاں سے لے جائے تاہم وائس نوٹ کو سننے کے بعد اس نے وہی وائس نوٹ سلیمان کو بھیج دیا، وائس نوٹ سننے کے بعد سلیان آگ بگولہ ہوگیا اور اپنے دوست کو فون کر کے ساری بات بتائی۔

 دوست نے کہا کہ وہ ایک گھنٹے میں آتا ہے پھر چل کر اس کی بیوی سے بات کرینگے تاہم دوست کے آنے سے پہلے ہی سلیمان گھر کے قریب ہی واقع اپنے رینٹ اے کار کے آفس سے اٹھ کر گیا اور پروا شاہ سے جھگڑا شروع کردیا، اسی دوران اس نے اپنا لائسنس والا پستول نکال کر پروا شاہ کو گولیاں ماریں اور پھر خودکشی کرلی۔

 ڈاکٹرز کے مطابق پروا شاہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش اس کے بھائی کے حوالے کر دی، بعد ازاں لاش چھیپا سردخانے منتقل کردی گئی، متوفی چار بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، بڑا بھائی بیرون ملک (کینیڈا) میں مقیم اس کے آنے کے بعد تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا۔