اسلام آباد:
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے جبکہ گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس نے چھاپے شروع کردیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں فاروق اعظم مسجد کے قریب مبینہ غیر قانونی اجتماع، سڑک کی بندش اور پولیس پر پتھراؤ کے مقدمے میں مفتی ابرار کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر نمبر 1212/26 کے مطابق جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے پیشگی اجازت کے بغیر اجتماع کیا اور پولیس کی جانب سے روکنے پر مبینہ طور پر اہلکاروں پر پتھراؤ، سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور سرکاری امور میں مداخلت کی۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ واقعے کے دوران اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکا گیا، جبکہ عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کی جان و مال بھی خطرے میں پڑ گئی۔
عدالتی کارروائی کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردیے ہیں، تاہم فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق وہ تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔