پی ایس ایل ؛ ٹیمیں وپلیئرز ایک دوسرے کو الوداع کہنے کیلیے تیار

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 جون 2016
 لاہور قلندرکے اظہر علی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی،حفیظ و دیگر بھی ٹیمیں بدلیں گے  فوٹو: فائل

 لاہور قلندرکے اظہر علی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی،حفیظ و دیگر بھی ٹیمیں بدلیں گے فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن کیلیے پلیئرز ونڈو اوپن ہوگئی، شاہد آفریدی اور شعیب ملک کا اپنی فرنچائززکی قیادت نہ کرنے کا قوی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی ایڈیشن میں مجموعی طور پر5 ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شرکت کی تھی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو6وکٹ سے زیر کر کے اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ کا چیمپئن بننے کا اعزاز پایا ، اب دوسرے ایڈیشن کیلیے پلیئرز ٹرانسفر ونڈواوپن کر دی گئی ہے،کھلاڑی اپنی موجودہ ٹیموں کو چھوڑ کر دیگر سائیڈزکا حصہ بن سکتے ہیں، اسی طرح فرنچائزز بھی ٹیم پر بوجھ بننے والوںکی جگہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدہ کر سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اب پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کریںگے، شعیب ملک بھی اپنی ٹیم کراچی کنگز کی انتظامیہ سے خوش نہیں، انھوں نے پہلے ایڈیشن کے دوران ہی قیادت چھوڑ دی تھی، لاہور قلندرز کی انتظامیہ موجودہ کپتان اظہر علی کی کارکردگی سے خوش نہیں، انھیں ٹیم کا حصہ تو بنایا جائے گا تاہم قیادت کسی اور سونپے جانے کا امکان ہے،آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،پی ایس ایل کے فیصل مرزا نے کہا کہ ٹیموں اور کھلاڑیوں دونوں کی باہمی رضامندی سے ہی ٹرانسفر ممکن ہو سکے گا، اگر فریقین رضا مند نہ ہو سکے توڈرافٹنگ کی طرف جانا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔