ایان علی کی بیرون ملک روانگی؛ مقتول تفتیشی افسر کی بیوہ کی فریق بننے کی درخواست

ویب ڈیسک  پير 27 جون 2016
ایان علی کوشامل تفتیش ہونے تک بیرون ملک جانےکی اجازت نہ دی جائے ، درخواست فوٹو: فائل

ایان علی کوشامل تفتیش ہونے تک بیرون ملک جانےکی اجازت نہ دی جائے ، درخواست فوٹو: فائل

 اسلام آباد: غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کیس کے مقتول تفتیشی افسر اعجاز چوہدری کی بیوہ نے سپریم کورٹ میں ایان علی کی بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق درخواست میں فریق بننے کی درخواست دے دی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اعجازچوہدری کی بیوہ صائمہ اعجاز چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے شوہراعجاز چوہدری کو ایان علی کے خلاف غیرملکی کرنسی کیس کا تفتیشی افسرمقرر کیا گیا تھا، ان پر ایان علی کی مدد کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا تھا، تفتیش کے دوران ہی انہیں قتل کردیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وہ اعجاز چوہدری قتل کیس میں ایان علی کے خلاف متعلقہ تھانے میں بیان دے چکی ہیں، اس لئے انہیں سنے بغیر ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہ نکالاجا ئے۔

واضح رہے کہ ایان علی گزشتہ برس راولپنڈی ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کی غیر ملکی کرنسی دبئی لے جاتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔