کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی اور برنس روڈ سے اسلحہ کی کھیپ پکڑی گئی،  ترجمان رینجرز

ویب ڈیسک  منگل 26 جولائی 2016
اسلحہ سیاسی جماعت کے زیر انتظام تھا جو شہر میں بد امنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا، ترجمان، فوٹو؛ فائل

اسلحہ سیاسی جماعت کے زیر انتظام تھا جو شہر میں بد امنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا، ترجمان، فوٹو؛ فائل

 کراچی: رینجرز نے شاہ فیصل کالونی اور برنس روڈ پر کارروائی کے دوران چھپائی گئی اسلحہ کی کھیپ پکڑ لی جو شہر میں بدامنی کے لیے استعمال کیے جانا تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں کارروائی کے دوران اسلحہ کی کھیپ پکڑی گئی جس میں ایک آر پی جی، 7 مشین گن، 7 فیوز، جی تھری رائفل اور 1800 راؤنڈز شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے زیر انتظام تھا جو شہر میں بد امنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔

دوسری کارروائی میں رینجرز نے کراچی کے علاقے برنس روڈ پر کچرا کنڈی کے زیر زمین چھپی اسلحہ کی کھیپ پکڑلی۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے گزشتہ دنوں جناح اسپتال کے قریب سے ملزم شاہد عرف ارشد کو گرفتار کیا تھا جس نے دوران تفتیش اسلحہ کی نشاندہی کی جب کہ ملزم خود ٹارگٹ کلنگ اور لسانی فسادات کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

نمائندہ کے مطابق رینجرز نے ملزم کی نشاندہی پر برنس روڈ پر سیاسی جماعت کے دفتر کے عقب میں واقع کچرا کنڈی سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا جس میں پیٹیوں اور 8 بوریوں میں اسلحہ چھپایا گیا تھا جب کہ برآمد شدہ اسلحہ میں کلاشنکوف، رافئل اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔