کرن جوہر نے فواد خان کو رنبیر سے بہترین اداکار قرار دے دیا

ویب ڈیسک  بدھ 5 اکتوبر 2016
 فواد خان کی اداکاری میں جدت موجود ہے، ہدایتکار کرن جوہر۔۔ فوٹو؛ فائل

فواد خان کی اداکاری میں جدت موجود ہے، ہدایتکار کرن جوہر۔۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار کرن جوہر نے پاکستانی  چارمنگ ہیرو فواد خان کو رنبیر کپور کے مقابلے میں بہترین اداکار قرار دے دیا۔

پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان جاندار اداکاری اورانتھک محنت کے باعث بالی ووڈ میں جگہ بنا چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر ہدایتکار ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بیتاب ہے جب کہ ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد فواد خان بھارت چھوڑ چکے ہیں جس کے باوجود ان کی شہرت میں کمی نہیں آرہی اور بھارت کے معروف ہدایتکار نے فواد کو بہترین اداکار قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر سے ایک پروگرام میں ان کی نئی آنے والی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں مرکزی کردارادا کرنے والے اداکاروں رنبیر کپور اور فواد خان میں سے بہترین اداکار کے حوالے سے پوچھا گیا تو ہدایتکار نے فوراً فواد خان کوبہترین اداکار قرار دے دیا جب کہ کرن جوہرکا کہنا تھا کہ فواد خان کی اداکاری میں جدت موجود ہے جس کی وجہ سے رنبیر جانتا ہے کہ میں فواد خان کو ہی بہترین قرار دوں گا۔

واضح رہے کہ ہدایتکار کرن جوہر کی فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں رنبیر کپور، فواد خان، ایشوریا رائے بچن اور انوشکاشرما  نے مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ فلم رواں ماہ ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔