کراچی سمیت سندھ بھر میں شراب خانے فوری طورپربند کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2016

تمام شراب خانے بند کرکے پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں، عدالت : فوٹو: فائل

تمام شراب خانے بند کرکے پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں، عدالت : فوٹو: فائل

کراچی: چیف جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگرتمام مذاہب میں شراب پینا حرام ہے تو آج ہی پورے صوبے کے شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کرکے انہیں بند کیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ میں شراب خانوں کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ نے کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی مذہب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ 365 روز شراب خانے کھلے رہیں تو پھر کس قانون کے تحت شراب کی دکانیں کھلی رہتی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ  شراب خانوں کی حمایت یا مخالفت میں آنے والے وکلا اس حدیث کا مطالعہ کرکے آئیں جس میں شراب پر لعنت بھیجی گئی ہے اور اگر تمام مذاہب میں شراب پینا حرام ہے تو آج شام تک کراچی سمیت صوبے بھر کے تمام شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کرکے انہیں بند کیا جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ کا صوبے میں شراب کی تمام غیر قانونی دکانیں بند کرنے کا حکم

عدالت نے حکم دیا ہے کہ تمام شراب خانے بند کرکے ان پر پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔  حکومت سندھ عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ شام تک پیش کرے جبکہ آئی جی سندھ اور ڈی جی ایکسائز کو بھی عدالتی حکم سے آگاہ کیا جائے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ  شراب خانوں کو نئے جاری ہونے والے لائسنس کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے اور لائسنس کے اجرا میں نئے قوانین کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔