پانامالیکس کے کرپٹ کرداروں کو اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے، طاہرالقادری

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2016
جب حکومت پر دباؤ کا وقت آتا ہے تو دہشت گردی بڑھ جاتی ہے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک، فوٹو؛ فائل

جب حکومت پر دباؤ کا وقت آتا ہے تو دہشت گردی بڑھ جاتی ہے، سربراہ پاکستان عوامی تحریک، فوٹو؛ فائل

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں لیکن پانامالیکس کے کرپٹ کرداروں کو اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہےکہ پی ٹی وی پر حملہ ہمارے لوگوں نے نہیں کیا بلکہ یہ حکومت کا ٹارگٹڈ پلان تھا، ملکی ادارے بادشاہوں کے غلام ہیں تو ہمیں کیسے انصاف دے سکتے ہیں، پاکستان کے کسی ادارے سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران کرپشن کے ٹھیکیدار ہیں اور شریف برادران اقتدار میں رہے تو شفاف الیکشن کبھی ہوہی نہیں سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں لیکن پانامالیکس کے کرپٹ کرداروں کو اقتدار میں نہیں رہنے دیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دھرنے میں شرکت کے لیے سی ای سی کا اجلاس بلایا ہے، حکومت کی جانب سے کارکنوں کی گرفتاریاں اور ظلم و تشدد بھونڈا عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت پر دباؤ کا وقت آتا ہے تو دہشت گردی بڑھ جاتی ہے، کس کے اقتدارکو تحفظ دینے کے لیے دہشت گردی کے حملے ہورہے ہیں، جب تک گٹھ جوڑ کو بے نقاب نہیں کیا جائے اس وقت تک ملکی سالمیت محفوظ نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔