کراچی میں دندناتے ہیوی ٹریفک نے ایک اور نوجوان سے زندگی چھین لی

بھینس کالونی روڈ نمبر 6 کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے 28 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق، ڈرائیور فرار ہوگیا


منور خان April 29, 2026

شہر میں دندناتے ہوئے ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار سے زندگی چھین لی۔

تفصیلات کے مطابق بھینس کالونی روڈ نمبر 6 کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت  28 سالہ غلام اللہ ولد میر خان کے نام سے کی گئی ، سکھن پولیس کے مطابق حادثہ کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریلر اور متوفی کی موٹر سائیکل قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے جبکہ ابتدائی معلومات میں متوفی کا آبائی تعلق خیرپور سے سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس متوفی کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے کی کوششیں کر رہی ہے جبکہ پولیس فرار ہونے والے ٹریلر ڈرائیور کو بھی تلاش کر رہی ہے۔