سیکیورٹی فورسزز کی بلوچستان میں کارروائیاں، ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 33 تک پہنچ گئی

آپریشن شبان میں خوارج کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک September 25, 2026
فوٹو: فائل

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 21 ستمبر سے اب تک کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن شبان کے دوران مزید پانچ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 22 ہوگئی، آپریشن شبان میں خوارج کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن شبان کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل خطرہ ختم ہونے تک جاری رہے گا۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئیں کارروائیوں کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جہاں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران 11 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں 21 ستمبر سے کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 33 خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔