طیارہ حادثے پر صدروزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2016
پوری قوم طیارہ حادثے پر غم میں ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

پوری قوم طیارہ حادثے پر غم میں ہے، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

طیارہ حادثے پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدرمملکت کا کہنا تھا کہ متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پوری قوم حادثے پر غم میں ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متاثرین کی ہر ممکن مدد کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ حویلیاں کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ گرکر تباہ

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے پارٹی کارکنان کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛  پی آئی اے کے طیارے میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی سوار تھیں

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے بھی متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ طیارہ حادثہ بڑا سانحہ ہے، وزیراعظم حادثے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرائیں۔ چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں حادثے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو اللہ تعالیٰ صبراورحوصلہ عطا فرمائے۔

گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کے غم میں شریک ہوں۔ میئرکراچی وسیم اختر نے حادثے کو قومی سانحہ قرار دیا اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی طیارے حادثے پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔