طیارہ حادثہ؛ جنید جمشید سمیت 42 مسافروں کی تاحال شناخت نہ ہو سکی

ویب ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2016
تمام میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کی جائیں گی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری. فوٹو: فیس بک

تمام میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کی جائیں گی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری. فوٹو: فیس بک

 اسلام آباد: پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی جس میں جنید جمشید اور ڈی سی چترال بھی شامل ہیں جب کہ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ شناخت میں 6 سے 8 دن لگ سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے دکھ  میں برابر کے شریک ہیں اور کوشش ہے کہ تمام ورثا کو ان کے پیاروں کی میتیں جلد از جلد  شناخت کے بعد حوالے کردی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 42 مسافروں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، تمام میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جائیں گی اور اس سارے عمل میں 6 سے 8 روز لگیں گے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے جن مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے ان میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ڈی سی چترال بھی شامل ہیں۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ میتیں جلد از جلد لواحقین کے حوالے کردی جائیں، 5 میتوں کی ایوب میڈیکل کمپلیکس میں شناخت ہوگئی ہے جب کہ دیگر میتیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسلام آباد منتقل کی جارہی ہیں، میتوں کو پہلے پمز لایا جائے گا جہاں سے انہیں وفاقی دارالحکومت کے 4 اسپتالوں کے سرد خانوں میں منتقل کیا جائے گا، لواحقین ڈی این اے کے لیے پمز اسپتال تشریف لائیں، پمز اسپتال میں لواحقین کی ڈی این اے سیمپلنگ کی جائے گا، جس کی رپورٹ آنے میں 6 سے 7 دن لگ سکتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حادثے میں جاں بحق مسافروں کے ورثا کیلئے 5 لاکھ روپے فی کس امداد

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے طیارہ حادثے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیٹی میں پاک فضائیہ کے سینیر افسر کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت طیارہ حادثے کی وجوہات جاننے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری سول ایوی ایشن، چیرمین اور سی ای او پی آئی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام نےشرکت کی جب کہ اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن، سی ای او پی آئی اے نے طیارہ حادثے کے بعد کیے جانے والے اقدامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم نوازشریف کا جنید جمشید کے بیٹے کو فون، تعزیت کا اظہار

وزیراعظم نوازشریف نے طیارہ حادثے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور تفصیلی تحقیقات فوری کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حادثے کی آزادانہ تحقیقات سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ جلد مکمل کرے اور انکوائری کمیٹی میں پاک فضائیہ کےسینیر افسر کو شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نے پی آئی اے حکام کو فوری طور پرمتاثرہ خاندانوں تک پہنچ کر ان کی ممکنہ معاونت کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ضروری ہے کہ طیارہ حادثے کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چترال سے اسلام آباد جانے والے پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں جنید جمشید اور ڈی سی چترال سمیت 47 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔