قوموں کی ترقی میں ٹیکنالوجی کا اہم کردارہوتا ہےارشدکریم

ایسے موضوعات پر تحقیق کی جائے جس سے معاشرتی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔


Staff Reporter March 10, 2013
جدید طریقہ تحقیق کے مطابق ’’ریسرچ‘‘ کرنا چاہیے،جامعہ کراچی میں طلبا سے خطاب فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے سابق اورملک کے ممتاز پروفیسرڈاکٹرارشدکریم نے کہاہے کہ قوموں کی ترقی میں سائنس وٹیکنالوجی اورتحقیق کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں ہر شعبہ زندگی میں جدید خطوط پر تحقیق نے ترقی کی نِت نئی راہیں کھول دی ہیں جس کی وجہ سے حصول علم کے ساتھ ریسرچ کا معیار بلند ہوگیا ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان کی معاشی ،اقتصادی صورتحال کے باعث ہماری اعلیٰ علمی درسگاہوں میں طلبا کو تحقیق کے لیے موزوں ماحول نہیں مل پاتا تاہم جامعہ کراچی کی انتظامی اور تدریسی کاوشوں سے یہاں کے طلبا اپنا تحقیقی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔



جو کہ لائق تحسین ہے، ان خیالات کا اظہارانھوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا پروفیسرڈاکٹر ارشد کریم نے کہا کہ تحقیق کے لیے موضوع کا انتخاب کرتے وقت طلبا کو چند بنیادی نکات کو ذہن میں رکھنا نہایت ضروری ہے سب سے اہم امر یہ ہے کہ تحقیق کے لیے ایسے موضوعات کا انتخاب کیا جائے۔

جس کے ذریعے معاشرے کے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے ہماری صنعتی ضرورتوں اور ایڈمنسٹریشن کے جدید تصور اور تقاضوں کو پیش نظر رکھا جائے جوکہ ''ریسرچ میتھوڈولوجی'' کے تقاضے ہیں ،انھوں نے کہا کہ معیاری تحقیق کے لیے ضروری ہے کہ جدید اندز میںمثبت کو شش کی جائے جس کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ممکن ہے ، طلبا کو ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید طریقہ تحقیق کے مطابق ''ریسرچ'' کرنا چاہیے۔